ڈیوس کپ ٹائی میچ: انڈیا کی ٹینس ٹیم 55 برس بعد پاکستان آئے گی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی ٹینس ٹیم 55 برس بعد رواں سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوس کپ کی ٹائی کے سلسلے کا ایک میچ کھیلنے کے لیے انڈیا کی ٹیم ستمبر میں پاکستان روانہ ہو گی۔
انڈیا کی آخری ٹینس ٹیم 55 برس قبل سنہ 1964 میں میچ کھیلنے پاکستان آئی تھی۔ اُس وقت انڈین ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو چار صفر سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
گذشتہ 12 برسوں میں پاکستان نے ڈیوس کپ کے ایک بھی ٹائی میچ کی میزبانی نہیں کی، جس کی وجہ پاکستان کی سکیورٹی کی خراب صورتِ حال تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اِسی وجہ سے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے ٹائی میچز کے پاکستان میں انعقاد پر پابندی عائد کی ہوئی تھی۔
فیڈریشن نے یہ پابندی سنہ 2017 میں اٹھالی تھی۔
پاکستان ٹینِس ٹیم بھجنے کی وضاحت کرتے ہوئے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کےسیکریٹری جنرل ہیرون موئے چیٹرجی نے کہا ہے کہ پاکستان جا کر ٹینس میچ کھیلنا ضروری ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'یہ ایک ایسی بات جس سے ہم گریز نہیں کرسکتے ہیں۔ ہمیں سزا ملے گی اگر ہم وہاں میچ کھیلنے نہ پہنچے۔'
انڈیا اگر میچ نہیں کھیلے گا تو اس پر ہانگ کانگ کی طرح جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ ہانگ کانگ پر پاکستان میں ڈیوس کپ کا ٹائی میچ نہ کھیلنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
پاکستان میں ٹائی میچ اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹس میں 14 اور 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کمپلیکس میں سنہ 2017 اور سنہ 2018 میں ازبکستان، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کے درمیان ٹائی میچ کھیلا گیا تھا۔
ایشیا گروپ ون کے ٹائی میچ میں جیتنے والی ٹیم ڈیوس کپ کے ورلڈ گروپ کوالیفائیرز میں شرکت کرے گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی سوم دیو دیو آرمن نے انڈیا کے کھلاڑیوں کا پاکستا ن جا کر میچ کھیلنے کا خیر مقدم کیا ہے۔
'یہ امن کا ایک پیغام ہے اور مسابقت کے ماحول میں باہمی احترام کے ساتھ میچ کھیلنے کا موقع بھی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔'
اس سے پہلے انڈیا اور پاکستان کے درمیان ڈیوس کپ کا ٹائی میچ سنہ 2006 میں ممبئی میں کھیلا گیا تھا جو انڈیا نے تین دو سے جیت لیا تھا۔ اس سے بھی پہلے دونوں ملکوں کی ٹیموں کا ٹائی میچ سنہ 1973 میں ملیشیا میں کھیلا گیا تھا۔
رواں برس فروری میں ڈیوس کپ کے ڈرا میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹائی میچ کے لیے پاکستان کا نام آیا تھا۔ اس لیے یہ واضح تھا کہ انڈیا کی ٹیم پاکستان جائے گی۔
لیکن پلوامہ حملے اور پھر پاکستان اور انڈیا کے درمیان فوجی اور سفارتی کشیدگی کے بعد اس دورے کے منسوخ ہو جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم انٹر نیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو ڈیوس کپ ٹائی میچ کا منعقد کرانے کا اشارہ دے دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اور اب انڈیا کی وزارتِ کھیل نے انڈیا کی ٹینس ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت نامہ بھی جاری کردیا ہے۔
پاکستان میں ٹائی میچ کھیلنے کے لیے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے، جن میں پرجیش گنیشوارن، رام کمار راما ناتھن، اور سمیٹ ناگل سنگل میچز کھیلیں گے، جبکہ روہن بوپنا اور ڈیویِج شرن ڈبل میچز کھیلیں گے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیوس کپ کا ٹائی میچ عقیل خان، اعصام الحق، محمد عابد مشتاق، مزمل مرتضیٰ اور مدثر مرتضیٰ کھیلیں گے۔









