کرکٹ ورلڈ کپ 2019: مونچھیں ہوں تو محمد حفیظ جیسی

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ٹانٹن، سمرسٹ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو تاؤ دینے والی مونچھیں رکھنے کے لیے پہلے اپنی فیملی سے اجازت لینی پڑی لیکن اب ان کا یہ منفرد انداز سب کو پسند آ گیا ہے۔

محمد حفیظ نے اتوار کو ٹانٹن گراؤنڈ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انھیں خوشی ہے کہ مونچھوں کے اس انداز کو سب نے بہت پسند کیا۔ سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے ہو رہے ہیں، کئی نوجوان اسے کاپی کر رہے ہیں اور بچوں میں یہ فیورٹ بنا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ یہ سوچ رہے تھے کہ ورلڈ کپ میں کوئی منفرد انداز اپنایا جائے لیکن مونچھیں بڑھاتے ہوئے پہلے یہ مشکل لگ رہا تھا کہ شاید بچے اسے پسند نہ کریں۔

’بچے کہہ رہے تھے کہ بابا آپ کی یہ کیسی مونچھیں آ گئی ہیں؟ لیکن پھر چھوٹی بیٹی میری مونچھوں سے کھیلنے لگ گئی‘ جس سے ان میں اعتماد آیا اور پھر ٹیم کے ساتھیوں نے بھی پسندیدگی کا سگنل دے دیا۔

پرستاروں نے بھی پسند کیا تو پھر انھیں خیال آیا کہ کیوں نہ انھیں بڑھاؤں۔

محمد حفیظ کی توجہ اس وقت اپنے دیگر ساتھیوں کی طرح آسٹریلیا کے خلاف میچ پر مرکوز ہے جو بدھ کو ٹانٹن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

جب محمد حفیظ سے سری لنکا کے خلاف میچ کے ایک پوائنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جیت اور ہار کا آپ کو پتہ نہیں ہوتا۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ایک پوائنٹ پاکستانی ٹیم کے حق میں بہتر ثابت ہو جائے اور کام آ جائے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح محمد حفیظ بھی انڈیا کے خلاف میچ کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں۔ اصل بات بنیادی باتوں پر عمل کرنے کی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی بنیادی باتوں پر عمل کیا تو وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔