آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
عامر، وہاب اور آصف علی کی ورلڈ کپ سکواڈ میں واپسی
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے فہیم اشرف، جنید خان اور عابد علی کو ڈراپ کر کے محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کرل یا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کی آخری تاریخ 23اپریل رکھی گئی تھی تاہم آئی سی سی نے تمام کرکٹ بورڈز کو یہ اجازت دے رکھی ہے کہ وہ 23 مئی تک اپنی ٹیموں میں ردوبدل کر سکتے ہیں۔
پاکستانی سکواڈ میں تبدیلیوں کا اعلان چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پیر کے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستانی ٹیم میں ان تبدیلیوں کی بظاہر وجہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولنگ کی ناکامی ہے۔ پاکستان کو اس سیریز میں چار صفر سے شکست ہوئی ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولنگ میں تجربے کا فقدان نظرآیا لہٰذا محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں دو تجربہ کار بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد عامر کو ان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ابتدائی سکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی البتہ انھیں انگلینڈ کے دورے پر لے جایا گیا تھا تاہم چکن پاکس کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ایک بھی ون ڈے میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ پہلے ون ڈے میں وہ ٹیم کے رکن تھے لیکن وہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
محمد عامر کی حالیہ کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دو سال قبل چیمپینز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے وہ 14 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کر پائے ہیں جن میں سے نو میچ ایسے بھی ہیں جن میں انھیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی۔
آصف علی بھی عامر کی طرح ابتدائی سکواڈ میں شامل نہیں تھے تاہم انھوں نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ دورے میں ساؤتھمپٹن اور برسٹل کے ون ڈے میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر کپتان اور کوچ کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ رواں برس ہی قومی ٹیم کا حصہ بننے والے عابد علی کی جگہ سکواڈ میں آئے ہیں جنھیں انگلینڈ کے خلاف ایک ہی میچ کھیلنے کا موقع ملا جس میں وہ قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔
محمد عامر کی طرح وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کو بھی چونکا دینے والا فیصلہ کہا جاسکتا ہے۔ وہاب ریاض دو سال سے ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ انھوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلا تھا جس میں وہ بولنگ کرتے ہوئے ان فٹ ہو گئے تھے لیکن اس سے قبل وہ آٹھ اعشاریہ چار اوورز میں 87 رنز دے چکے تھے۔
تاہم وہاب ریاض کے سلیکشن کے حق میں یہ بات ضرور جاتی ہے کہ رواں برس انھوں نے پی ایس ایل اور پھر قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں فہیم اشرف کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ان کا ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہونا حیران کن نہیں۔ اس ون ڈے سیریز کے دوران دو میچوں میں وہ صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دو میچوں میں بھی انھیں صرف ایک وکٹ مل سکی تھی۔ فہیم اشرف نے اس سال سات ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں ان کی صرف دو وکٹیں ہیں۔
فہیم کی طرح سکواڈ سے باہر ہونے والے جنید خان نے بھی انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچ کھیلے لیکن دونوں میچوں میں وہ غیرموثر اور مہنگے ثابت ہوئے اور یوں سلیکٹرز کے لیے فیصلہ آسان بنا گئے۔
ان تین تبدیلیوں کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ سکواڈ اب ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سرفراز احمد ( کپتان )۔ فخرزمان۔ امام الحق۔ بابراعظم۔ حارث سہیل۔ محمد حفیظ۔ شعیب ملک۔ عماد وسیم۔ شاداب خان۔ حسن علی۔ آصف علی۔ محمد عامر۔ وہاب ریاض۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین۔
ٹیم میں پانچ کھلاڑی کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور حارث سہیل ایسے ہیں جنہیں اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کھیلنے کا تجربہ ہے جبکہ 10 کھلاڑی پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی جو 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل اور 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں ہوں گے۔