آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل: لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست
دبئی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
قلندرز نے کنگز کو جیتنے کے لیے 134رنز کا ہدف دیا تھا۔ کنگز کے عماد وسیم اور افتخار احمد ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لییم لیونگسٹون 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کے محمد رضوان دو رنز بنا کر وائز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کے لییم لیونگسٹون 38 رنز بنا کر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن انگرم تھے جنھیں 12 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔ کراچی کنگز کے بابر اعظم 11 رنز پر سندیپ لمیچن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے پہلے کولن منرو بھی 15 رنز بنا کر لمیچن کا شکار ہوئے۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پہلے کھیلتے ہوئے 133 رنز بنائے جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
قلندرز کے سہیل اختر 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وائز نے 3 رنز بنائے۔
کراچی کنگز نے نپی تلی باؤلنگ کے باعث لاہور قلندرز کو کم سکور تک محدود کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز 33 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔ کوری اینڈرسن 22 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔
حارث سہیل 20 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ فخر زمان بھی 18 رنز بنا کر افتخار احمد کا شکار بنے تھے۔
میچ کی پہلی وکٹ گوہر علی کی تھی چار رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان 16 فروری کو دبئی میں میچ کھیلا گیا تھا۔ جس میں لاہور قلندرز نے حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔
کراچی کی پوری ٹیم لاہور کی جانب سے دیے گئے 139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
اسی میچ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو دونوں ٹیموں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان اور اشارے استعمال کیے جانے کی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے!
قلندرز پی ایس ایل کے اس سیزن کے 6 میں سے 3 میچز جیت چکی ہے جب کہ کنگز اب تک 6 میں سے صرف دو میچز میں کامیاب ہوئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پرلاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جبکہ کراچی کنگز 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم کپتان عماد وسیم، عامر یامین، افتخار احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، کولن انگرم، کولن منرو، لییم لیونگسٹون، محمد عامر، ایرن سمرز، اور عمر خان پر مشتمل ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان (کپتان)، اعزاز چیمہ، اے بی ڈی ویلیئرز، سہیل اختر، ڈیوڈ وائز، حارث رؤف،حارث سہیل، سندیپ لمیچن، یاسر شاہ، گوہر علی اور کوری اینڈرسن پر مشتمل ہے۔