آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ابوظہبی ٹیسٹ: 176 کے تعاقب میں پاکستان کا پراعتماد آغاز
ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 176 رنز کے ہدف کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے صرف 23 گیندوں پر 25 رنز سکور کیے، جب کہ محمد حفیظ آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے چوتھے دن پاکستان کو جیت کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ واٹلنگ 59، نکلز 55 اور راول 46 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے، جب کہ پاکستان کی طرف سے جب کہ حسن علی نے 45 رنز دے کر پانچ، جب کہ یاسر شاہ نے 110 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
کرس واٹلنگ اور نکلز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کر کے نیوزی لینڈ کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار اد کیا، تاہم نکلز کے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد بقیہ پانچ وکٹیں سکور میں صرف 30 رنز کا اضافہ کر سکیں۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 153 رنز کے جواب میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ پر 74 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
پاکستان کی طرف سے نمایاں سکور بابر اعظم رہے جنھوں نے 62 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ اسد شفیق نے 43 جب کہ حارث سہیل نے 38 رنز سکور کیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار، گرینڈوم اور اعجاز پٹیل نے دو دو، جبکہ ویگنر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستانی بولرز نے ٹیسٹ میچ کا اچھا آغاز کیا اور نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو کریز پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
کین ولیمسن کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولنگ کو پراعتماد انداز میں نہ کھیل سکا۔ کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے پانچ بلے بازوں کا سکور دہرے ہندے میں نہ پہنچ سکا۔
پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین، محمد عباس، حسن علی، اور حارث سہیل نے دو، دو جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔