آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پہلا ایک روزہ میچ: ٹرینٹ بولٹ کی ہیٹ ٹرک، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 47 رنز سے شکست
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی ہیٹ ٹرک کی وجہ سے پاکستان صرف 219 رنز ہی بنا سکا۔
267 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان 47.2 اوورز میں 219 رنز ہی بنا سکا اور اس کی ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
پہلے اوپنر فخر زمان ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے، جب کہ اگلی ہی گیند پر ان فارم بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد حفیظ بھی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور یوں ٹرینٹ بولٹ پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے والے والے پہلے نیوزی لینڈر بن گئے۔
بولٹ کے ہیٹ ٹرک کے بعد شعیب ملک اور امام الحق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 71 رنز پر پہنچایا تو امام باؤنڈری لگانے کی کوشش میں 34 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسی اوور میں شعیب ملک نے بھی وہ ہی غلطی کی جو امام نے کی تھی اور باؤنڈری لگانے کی کوشش میں 30 رنز پر کیچ تمھا بیٹھے۔
پاکستان کی 6ویں وکٹ 85 کے مجموعی سکور پر شاداب خان کی گری جو صرف سات رنز بنا سکے۔ اس کے بعد عماد اور سرفراز کے درمیان عمدہ شراکت داری کے نتیجے میں پاکستان کی میچ میں واپسی ہوئی تاہم سرفراز 64 اور عماد 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تو شکست واضح ہو گئی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کو سب سے بڑا نقصان شاداب خان نے پہنچایا جنھوں نے ایک ہی اوور میں تین بلے بازوں کو پویلین بھیج کر بیٹنگ کو تتر بتر کر دیا۔ ان کے علاوہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب 42واں اوور شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ تھے۔ راس ٹیلر اور ٹام لیتھم کے درمیان 130 رنز کی شراکت ہو چکی تھی اور دونوں پاکستانی نقطۂ نگاہ سے بےحد خطرناک نظر آ رہے تھے۔
تاہم شاداب نے اوور کی دوسری گیند پر لیتھم، تیسری پر گرینڈوم اور پانچویں پر نکولس کو آؤٹ کر دیا۔
لیتھم نے 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ راس ٹیلر نے 80 رنز بنائے۔ اس طرح صرف دو رنز پر نیوزی لینڈ کی چار وکٹیں گریں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان کے ابھرتے ہوئے بولر شاہین آفریدی نے چوتھے اوور میں اوپنر جارج ورکر کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کروا دیا۔
اس کے بعد کولن منرو نے جارحانہ انداز میں سٹروک کھیلنا شروع کر دیے۔ ان کا شاہین کی گیند پر سلپ میں ایک کیچ بھی ڈراپ ہوا، تاہم شاہین نے ہمت نہیں ہاری اور اگلے ہی اوور میں منرو کو ایل بی ڈبلیو کروا دیا۔ انھوں نے 27 گیندوں پر 29 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد کپتان کین ولیمسن نے راس ٹیلر کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے، تاہم وہ شاداب خان کی ایک گیند پر حفیظ کو کیچ تھما بیٹھے۔