دبئی ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل مکمل، پاکستانی بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں آج میچ کے پہلے دن پاکستانی بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔

پاکستان کے دونوں اوپننگ بلے بازوں نے ٹیم کو پر اعتماد آغاز فراہم کیا اور پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق کے مابین 205 رنز کی شراکت ہوئی۔ امام الحق 76 جبکہ محمد حفیظ 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ہیں۔

اس وقت کریز پر حارث سہیل موجود ہیں اور ان کا ساتھ نائٹ واچ مین محمد عباس دے رہے ہیں۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب نیتھن لائن کی گیند پر امام الحق سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ ادھر محمد حفیظ کو پیٹر سڈل نے سنچری کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی اس اننگز میں بڑا سکور نہیں کر سکے اور پہلے دن کے اختتامی سیشن میں وہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل سٹارک نے نئی گیند سنبھالی اور دوسرے اینڈ پر پیٹر سڈل کو ذمہ داری دی گئی لیکن آسٹریلیا نے پہلے گھنٹے میں ہی فاسٹ بولرز کو ہٹا کر اپنے دونو سپنرز ناتھن لیون اور دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والے جان ہالینڈ کو بولنگ کا موقع دیا۔

اننگز کی شروعات میں دو سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے محمد حفیظ کچھ دقت میں دکھائی دیے لیکن آہستہ آہستہ ان کے کھیل میں روانی آتی گئی۔

دوسرے اینڈ پر امام الحق نے احتیاط کے ساتھ بولنگ کا سامنا کیا اور آسٹریلوی آف سپنر ناتھن لیون کو سنبھل کر کھیلا۔

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے اور انھوں نے پہلا میچ کھیلنے والے 33 بلال آصف کو ڈیبو کیپ بھی دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے اپنا ڈیبو کیا ہے جس میں ٹریوس ہیڈ اور آرون فنچ محدود اوورز کی کرکٹ میں ٹیم کے رکن ہیں جبکہ آل راؤنڈر مارنس لابوس چین بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی دفعہ آسٹریلیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم میں لیگ سپنر یاسر شاہ کی بھی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ انھوں نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہی اپنا ڈیبو کیا تھا اور اس کے بعد سے مسلسل پاکستانی ٹیم کا رکن رہے ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم کے اہم رکن اس سال جنوبی افریقہ میں بال ٹیمپرنگ کے سکینڈل میں ملوث تھے اس کے بعد کپتان سٹیون سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے پابندی لگا دی گئی جس کے بعد سے وکٹ کیپر ٹم پین قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔