اینجلیق کربر نے سرینا ولیمز کو شکست دے کر اہنا پہلا ومبلڈن جیت لیا

ٹینس

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسرینا ولیمز میچ ہارنے کے بعد اینجلیق کربر کو مبارکباد دے رہی ہیں

ومبلڈن میں خواتین کے فائنل مقابلے میں جرمنی کی اینجلیق کربر نے امریکہ سے تعلق رکھنے والی سات بار کی فاتح سرینا ولیمز کو 6-3 ، 6-3 سے شکست دے کر اپنا پہلا ومبلڈن ٹائٹل جیت لیا ہے۔

اینجلیق کربر کا یہ تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے جبکہ سرینا ولیمز اپنے 24ویں گرینڈ سلیم کے تعاقب میں تھیں۔

گذشتہ سال ستمبر میں ایک بچی کی ماں بننے کے بعد سرینا ولیمز کا یہ چوتھا ٹورنامنٹ تھا لیکن جس طرح سے انھوں نے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا، کئی ماہرین انھیں فائنل کے لیے فیورٹ قرار دے رہے تھے لیکن 11ویں سیڈ کربر نے حیران کن کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔

1996 میں سٹیفی گراف کے بعد کربر ومبلڈن جیتنے والی پہلی جرمن خاتون ہیں۔

ٹینس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنجوکووچ کا فائنل میں کیون اینڈرسن سے مقابلہ ہوگا

اس سے قبل مردوں کا دوسرا سیمی فائنل جمعے کو ملتوی ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سربیا کے نواک جوکووچ نے سپین کے رافیل نڈال کو پانچ گھنٹے کے بعد 6-4 3-6 7-6 (11-9) 3-6 10-8 سے شکست دے دی۔

جمعے کو میچ جب روکا گیا تھا تو اس وقت جوکووچ کو دو سیٹ کی سبقت حاصل تھی۔

17 گرینڈ سلیمز کا فاتح رافیل نڈال اور 12 گرینڈ سلیم کے فاتح جوکووچ کا 2015 کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلیم میں مقابلہ ہو رہا تھا۔

ٹینس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن17 گرینڈ سلیمز کا فاتح رافیل نڈال اور 12 گرینڈ سلیم کے فاتح جوکووچ کا 2015 کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلیم میں مقابلہ ہو رہا تھا۔

اتوار کو ہونے والے مردوں کے فائنل میں جوکووچ کا سامنا جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے ہوگا جنھوں نے سیمی فائنل میں ساڑھ چھ گھنٹے کے مقابلے کے بعد امریکہ کے جان ازنر کو شکست دی تھی۔