آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ہالینڈ : انڈیا نے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستان کو چار صفر سے ہرا دیا
ہالینڈ کے شہر بریڈا میں چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو چار صفر سے شکست دے دی ہے۔
سنچیر کو کھیلے جانے والے اس میچ کا آغاز تیزی سے ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے تاہم دونوں ٹیمیں پہلے کوارٹر میں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
دوسرے کوارٹر کے آغاز میں انڈیا کو پینالٹی کارنر ملا تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے رماندیپ سنگھ نے انڈیا کی جانب سے پہلا گول کیا۔
پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں انڈیا کے خلاف عمدہ کھیل پیش کیا اور یکے بعد دیگرے اچھے حملے کیے تاہم پاکستان کے رضوان بٹ اور اعجاز احمد نے گول کرنے کے مواقعے ضائع کر دیے۔
تیسرا کوارٹر ختم ہونے سے پہلے پاکستان کو پہلا پینالٹی کارنر ملا تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چوتھے کوارٹر میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور اس کے خلاف متعدد حملے کیے۔ اس دوران انڈیا کے دلپریت نے پاکستان کے خلاف دوسرا گول کر دیا۔
انڈیا نے پاکستان کے خلاف حملے جاری رکھے اور میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے مندیپ نے اپنی ٹیم کی جانب سے تیسرا گول کر دیا۔
میچ ختم ہونے کے آخری لمحات میں للت نے اپنے ملک کی جانب سے چوتھا گول کر انڈیا کو چار صفر سے کامیابی دلا دی۔
واضح رہے کہ ہالینڈ میں جاری 37 واں چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ آخری چیمپیئنزٹرافی ہے جس کے بعد اس ایونٹ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا، اولمپک چیمپیئن ارجنٹینا اور میزبان ہالینڈ کے علاوہ بیلجیئم، انڈیا اور پاکستان شامل ہیں۔
بیلجیئم، انڈیا اور پاکستان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی سے پاکستان کی گہری وابستگی رہی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر ائیر مارشل (ریٹائرڈ ) نور خان نے چیمپیئنز ٹرافی کا خیال پیش کیا تھا اور انھوں نے ہی اس ٹورنامنٹ کے لیے خصوصی طور پر ٹرافی تیار کرائی تھی۔
پہلی چیمپیئنز ٹرافی سنہ 1978 میں لاہور میں منعقد ہوئی تھی جس میں پانچ ٹیمیں شریک ہوئی تھیں۔ پاکستان نے اصلاح الدین کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
پاکستان سنہ 1978، 1980 اور 1994 میں تین مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔
آخری بار پاکستان نے شہباز احمد کی قیادت میں کامیابی حاصل کی تھی۔