آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں منگل کو شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سطانز کو 33 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو میچ جیتنے کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 19.1 اوور میں 152 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس میچ میں فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز بہت جارہانہ انداز سے کیا۔ ٹیم کے اوپنر ڈومنی اور رونکی نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 46 کے مجموعی سکور پر گری، جب ڈومنی چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ڈومنی کے بعد ہیلز کریز پر آئے۔
ہیلز اور رونکی نے ٹیم کے زیادہ سکورر بنانے میں اہم کردار اد کیا۔ ہیلز نے 48 رنز بنائے۔ انھیں عمر گل نے آؤٹ کیا جبکہ رونکی نے 58 رن بنائے۔ اس کے بعد حسین طلعت نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور وہ 21 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان اسلام آباد یونائیٹڈ نے 185 رن بنائے اور ملتان کو جیتنے کے لیے بڑا ہدف دیا۔
رونکی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملتان سلطانز کی بیٹنگ کا آغاز زیادہ اچھا نہیں تھا اور پہلے ہی اوور میں اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ اوپنر کمارا سنگاکارا پہلے پہی اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پہلے ہی اوور میں ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ اُس وقت گری جب سیف بدر کو پٹیل نے صفر پر آؤٹ کر دیا۔
احمد شہزاد تین رنز، صہیب مقصود 13 اور کپتان شعیب ملک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کے 50 کے مجموعی سکور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے اور ایسا لگتا تھا کہ ٹیم سو رنز بھی مکمل نہیں کر پائے گی۔
ایسے میں پولارڈ نے ٹیم کو سہارا دیا اور بہترین بیٹنگ کی۔ اس دوران پولارڈ کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہیں کھیل سکا۔
پولارڈ نے کوشش جاری رکھی اور انھوں نے مشکل وقت میں پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.1 اوور میں 152 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان سلطانز کی شکست کے بعد پلے آف رؤانڈ میں کوالیفائی کرنے کا انحصار پشاور زلمی پر ہے۔ ملتان سلطانز کے لیے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پشاور زلمی کو اپنے دو میچوں میں سے کم سے کم ایک میں شکست ہو۔