آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں سنیچر کو دبئی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
دونوں ٹیموں کے لیے پاکستان سپر لیگ کے آخری مرحلے تک رسائی کے لیے اہم اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 158 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے پانچ رنز درکار تھے جو اس نے ابتدائی دو گیندوں پر ہی حاصل کر لیے۔
یہ بھی پڑھیے
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد نے ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ریلی رسوو کے ہمراہ اہم اننگز کھیلی اور دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 73 رنز جوڑے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرفراز احمد 31 گیندوں پر 45 جبکہ ریلی رسوو نے 27 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے ڈاسن، عمید، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ 31، رکی ویسلز 31، ڈوائن سمتھ 49 اور کپتان ڈیرن سیمی نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں ہیں۔
تاہم پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ کے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے اگلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، کراچی کنگز تیسرے، ملتان سلطانز چوتھے اور پشاور زلمی پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ لاہور قلندرز کا آخری نمبر ہے۔