آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’ہیٹ ٹرک میں تجربہ کام آیا‘
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام،دبئی
جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں ان کا تجربہ کام آیا۔
’مجھے آئیڈیا تھا کہ آخری گیند پر بیٹسمین کو میری الٹی گیند ( گگلی ) کی توقع ہوگی لہذا میں نے جو پلان کیا تھا اسی کے مطابق گیند کی اور مجھے خوشی ہے کہ میں کامیاب رہا۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اپنی خوشی بیان کرسکوں۔‘
واضح رہے کہ عمران طاہر نے پاکستان سپر لیگ میں ہفتے کے روز ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسان خان، جان ہیسٹنگز اور راحت علی کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کی ہے۔
یہ موجودہ پی ایس ایل کی دوسری ہیٹ ٹرک ہے اس سے قبل ملتان سلطانز ہی کے فاسٹ بولر جنید خان نے لاہورقلندر کےخلاف دبئی میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔
عمران طاہر اپنی اس ہیٹ ٹرک کو سپیشل قرار دیتے ہیں۔
’میں نے اس سے قبل انگلینڈ میں بھی ہیٹ ٹرک کی تھی لیکن یہ ہیٹ ٹرک خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ میری فیملی بھی اسوقت میرے ساتھ ہے اور اس کے سامنے اس کارکردگی پر میں خوش ہوں۔‘
عمران طاہر کی خواہش ہے کہ ملتان سلطانز فائنل تک پہنچے اور وہ پاکستان جائیں۔
’پاکستان جانے کی بہت زیادہ خوشی ہوگی کیونکہ میری فیملی کے لوگ لاہور میں بھی ہیں جو یقیناً میچ دیکھنے آئیں گے ۔ میں اس کے لیے بہت زیادہ پر جوش ہوں لیکن فی الحال میری توجہ شارجہ اور دبئی کے میچوں پر ہے جن میں ہمیں اچھی کارکردگی دکھانی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ عمران طاہر کا تعلق لاہور سے ہے اور انہوں نے انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی ابتدا بھی پاکستان میں کی تھی جس کے بعد وہ انگلینڈ اور پھر وہاں سے جنوبی افریقہ چلے گئے تھے۔
عمران طاہر گزشتہ سال ستمبر میں ورلڈ الیون کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان جاچکے ہیں۔
عمران طاہر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کھیل رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ پوری طرح اس ایونٹ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
’ملتان سلطانز کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ خاصا خوشگوار رہا ہے ۔ زبردست ماحول ہے۔ ہم ہر میچ کو چیلنج سمجھ کر کھیل رہے ہیں اور تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں۔‘