جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بولرز چھا گئے

جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک انڈیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اپنی اپنی پہلی اننگز مکمل کر چکی ہیں۔

جمعرات کو جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا لیے تھے۔

انڈیا کو جنوبی افریقہ پر 42 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کی جانب سے مرلی وجے اور پارتھیو پاٹیل نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 17 رنز بنائے۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم انڈیا کے خلاف پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے انڈیا کے خلاف صرف سات رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور آئیدن کائل مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا۔

جنوبی افریقہ کا آغاز تباہ کن تھا اور کے ابتدائی چار بیٹسمین صرف 92 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ہاشہم آملہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

انڈیا کی جانب سے جسپریت بھمرا نے پانچ، بھونیشور کمار نے تین جبکہ ایشانت مشرا اور محمد شامی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا اور اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انڈیا کی جانب سے مرلی وجے اور لوکیش راہول نے پہلی اننگز کا آغاز کیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے چیتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی نے نصف سنچریاں بنائیں۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ربادا نے تین، فلینڈر اور مورکل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں جنوبی افریقہ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انڈیا کو 72 رنز جبکہ سنچورین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دی تھی۔