آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایران کے باکسر کو کوچ کی طرف سے ہارنے کی ہدایت
پولینڈ میں جاری ورلڈ انڈر 23 کشتی کے مقابلوں میں ایران کے ریسلر علی رضا کریمی کو ان کے کوچ نے روسی ریسلر کے ساتھ مقابلے میں مجبور کیا کہ وہ جان بوجھ کر میچ ہار جائیں تاکہ اگلے راؤنڈ میں ان کا اسرائیلی ریسلر سے مقابلہ نہ ہو۔
ایشین گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے علی رضا کریمی مقابلے میں تین دو کی برتری کے ساتھ جیت رہے تھے جب ان کے کوچ کو احساس ہوا کہ الگے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ اسرائیل کے ریسلر کے ساتھ ہوگا۔
اس پر علی کریمی کے کوچ نے ان کو بار بار میچ ہارنے کو بولا جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
میچ کے بعد علی رضا کریمی نے اپنے انسٹا گرام پیج پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ رات کے وقت پیدل چلتے جا رہے ہیں اور پس منظر میں چلنے والے گانے کے بول کہہ رہے کہ 'خاموشی ہی آخری چارہ ہے۔'
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر #YouMustLose اور # باید_ببازی کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے جس میں لوگوں نے علی رضا کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا اور ان کے کوچ کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ساتھ ساتھ کھیل کو سیاست سے منسلک کرنے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈیمن گولرز نامی صارف نے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے کہا: 'ایک قوم کا تلخ سانحہ ان دو سیکنڈوں میں واضح ہے۔ دو دفعہ اس کے کوچ نے چلا کر کہا فارسی میں کہا کہ 'علی تم ہار جاؤ'۔ مگر کیوں؟۔۔۔ صرف اس لیے کہ وہ اسرائیلی ریسلر سے اگلے مرحلے میں نہ کھیل سکے؟ کتنے افسوس کی بات ہے۔'
ایک اور صارف نے ٹویٹ کی: 'مجھے رونا آگیا جب علی تین دو سے آگے تھا اور اس کے کوچ کو احساس ہوا کہ اگلا میچ اسرائیلی ریسلر سے ہے تو وہ اس نے چلا کر کہا: تمھیں ہارنا ضروری ہے۔ علی نے انتہائی افسوس سے دیکھا۔ آج تک اسرائیل نے اپنے ریسلنگ کے مقابلوں کی تاریخ میں صرف چار میڈل جیتے ہیں۔ علی رضا نے ان سے ریسلنگ نہ کر کےانھں دو میڈل انعام میں دے دیے۔'
ایک اور صارف ناز منگولا نے طنز کرتے ہوئے فارسی میں ٹویٹ کی :'پوپ سے بھی زیادہ کیتھولک ہونے کا مطلب یہ ہے کہ فلسطین اسرائیل سے کھیل لے لیکن ایران نہیں کھیلے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایار امندی نامی صارف نے ٹویٹ کے ذریعے اپنے تاسف کا اظہار کیا اور کہا: 'اپنی پیدائش کے ساتھ ہی ایران میں آپ کے ساتھ زندگی کے کھیل میں ایک کوچ ساتھ ہوتا ہے اور وہ چلاتا ہے، 'تمھیں ہارنا ضروری ہے۔'
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے مابین سفارتی تعلقات نہیں ہیں اور ماضی میں بھی ایرانی کھلاڑیوں کو اسرائیل کے خلاف کھیلنے سے منع کیا جاتا رہا ہے۔