آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کلین سوئیپ کی کوشش کریں گے: سرفراز احمد
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
سری لنکا کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلے تین ایک روزہ میچز جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے اور اب اس کی کوشش ہوگی کہ اگلے دونوں میچز جیت کر کلین سوئیپ کرے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کھلاڑیوں نے زبردست کم بیک کیا ہے اور تینوں ون ڈے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم اگلے دونوں میچز میں بھی اسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے جو وہ پہلے تین میچوں میں دکھا چکی ہے۔
سرفراز احمد کہتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اچھی سے اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم مسلسل سات ون ڈے میچز جیت چکی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کو لگاتار دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس نے اس کے جنوبی افریقی کوچ نک پوتھاس کی مایوسی میں بہت زیادہ اضافہ کردیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نک پوتھاس کا کہنا ہے کہ بار بار بیٹنگ کے ناکام ہونے کی وجہ انہیں بھی نہیں معلوم۔ ان کی ٹیم واقعی اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ آٹھ میچوں میں سری لنکا کا ڈھائی سو سکور نہ کرنا ایک بڑا مسئلہ ہے۔تیسرے ون ڈے میں پاکستانی بولنگ اٹیک اچھا تھا لیکن یہ ایسی وکٹ ہرگز نہیں تھی جس پر ٹیم دو سو آٹھ رنز پر آؤٹ ہوجائے۔
نک پوتھاس کا کہنا ہے کہ پچھلی چند سیریز کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سری لنکا کی ٹیم مقابلہ کرنے سے قاصر رہی ہے۔
شارجہ میں پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ اس نے یہاں ایک سو بائیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے اکیاسی جیتے ہیں، چالیس میں اسے شکست ہوئی ہے اور ایک ٹائی ہوا ہے۔
سری لنکا نے شارجہ میں اٹھہتر ون ڈے کھیلے ہیں جن میں سے انتیس جیتے ہیں، سنتالیس ہارے ہیں اور دو ٹائی ہوئے ہیں۔
دونوں ٹیمیں شارجہ میں پنتیس ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے بائیس جیتے ہیں، بارہ میں سری لنکا کو کامیابی ملی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔