آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ثنا میر خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے عہدے سے فارغ، بسمہ معروف نئی کپتان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثنا میر کو پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹاتے ہوئے بسمہ معروف کو نئی کپتان مقرر کیا ہے ۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق عائشہ اشعر کی جگہ نئی منیجر کا تقرر بھی کیا جا رہا ہے جبکہ محمد الیاس کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی بھی ختم کردی گئی ہے جس کے مزید ارکان عروج ممتاز اور ندیم عباسی تھے۔
بسمہ معروف پہلے ہی پاکستان کی خواتین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہیں۔
خواتین ٹیم میں یہ تبدیلیاں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ناگزیر تھیں۔خاص کر ہیڈ کوچ کی رپورٹ کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہو گئے تھے کہ ثنا میر کے لیے کپتان کے طور پر برقرار رہنا ممکن نہیں رہے گا۔
انگلینڈ میں منعقدہ حالیہ خواتین ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی جس کے بعد ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ثنا میر اور چند سینیئر کھلاڑی مبینہ طور پر اپنی من مانیاں کرتی رہی تھیں اور انہیں منیجر عائشہ اشعر کی حمایت حاصل تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کے مارک کولز کو عبوری طور پر خواتین ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے عائشہ اشعر کو عبوری طور پر ویمنز ونگ کی سربراہ مقرر کیا ہے وہ جنرل منیجر ویمنز کرکٹ کی تقرری تک اس عہدے پر کام کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ثنا میر عام کھلاڑی کی حیثیت سے دستیاب ہونگی تاہم ثنا میر نے قومی کیمپ میں شامل ہونے سے انکار کر رکھا ہے۔
ثنا میر آٹھ سال تک پاکستانی ٹیم کی کپتان رہیں۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے 72 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 26 جیتے45 ہارے اور ایک میچ نامکمل رہا۔
وہ 65 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کپتان رہیں جن میں سے 26 میچ جیتے اور 36 میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو میچ ٹائی ہوئے جبکہ ایک کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔