'لڑکوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور تھی ہرمن پریت کور'

برطانیہ میں جاری آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں انڈین ٹیم کی شاندار جیت کی بنیاد بلے باز ہرمن پريت کور نے رکھی۔

ان کی شاندار کارکردگی پر ان کے والد ہرمندر سنگھ بھلّر بہت خوش ہیں جنھوں نے اپنی بیٹی کے کھیل سے متعلق بی بی سی سے بات چيت کی۔

ریاست پنجاب کے شہر موگا میں پیدا ہونے والی ہرمن پريت کور نے جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف 171 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کرکٹ شائیقین کا دل جیت لیا۔

ہرمن پريت کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی۔

انھوں نے کہا: 'وہ میرے ساتھ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ جاتی تھی۔ وہاں کوئی لڑکی نہیں آتی تھی، وہ لڑکوں کے ساتھ کھیلتی تھی۔'

ہرمن پريت کور کے والد نے بیٹی کی اس کارکردگی پر اپنے رد عمل میں کہا: 'دیکھ کے بہت اچھا لگا۔ خدا سے دعا کروں گا کہ وہ آگے بھی اسی طرح نام روشن کرتی رہے۔'

آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے ہرمن پريت نے محض 115 گیندوں پر ناٹ آوٹ 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اپنی اننگز انھوں نے 20 چوکے اور 7 چھکے مارے۔

ہرمن پريت نے پہلے 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 90 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ون ڈے میچوں میں ان کی تیسری سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی ون ڈے ویمن کرکٹ میں یہ پانچواں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔

ہرمن پريت کور نے اپنا پہلا ون ڈے میچ 2009 میں کھیلا تھا۔ انھوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے ایک میچ میں سنچری بنا کر اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے تھے۔

اس سے پہلے اس ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انڈیا کی ٹیم کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے تھا اور اس میچ میں بھی هرمن پريت نے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ میں انڈیا کی شروعات اچھی نہیں تھی اور ابتدا میں ہی اس کی وکٹیں گر گئی تھیں اس لیے سیمی فائنل مقابلے میں سب کی نظریں ہرمن پريت کی بلے بازی پر ٹکی تھیں۔ سبھی کو ان سے بہتر کارکردگی کی امید تھی۔

فائنل میں اب بھارت کا مقابلہ اتوار کو لارڈز میں انگلینڈ سے ہوگا۔ ویمن کرکٹ کے عالمی کپ کے فائنل میں انڈیا کی ٹیم دوسری بار رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔