آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شاداب اور فخر کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ،عمر باہر
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 35 کرکٹرز کو سال 18-2017 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
ان نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی2017 سے تیس جون 2018 تک ہوگا۔
گذشتہ کنٹریکٹ 30 کھلاڑیوں کو دیا گیا تھا جن میں سے 22 یہ نیا کنٹریکٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ آٹھ کھلاڑی عمران خان سینیئر، محمد عرفان، خالد لطیف، شرجیل خان، سہیل تنویر، عمر اکمل، انور علی اور ذوالفقار بابر اس بار سینٹرل کانٹریکٹ حاصل نہیں کر پائے۔
اس مرتبہ بھی کرکٹرز کو چار مختلف کیٹگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر اس مرتبہ اے کیٹیگری میں شامل کیے گئے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ اے کیٹیگری کا کانٹریکٹ پانے والے دیگر پانچ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شعیب ملک، یاسرشاہ اور محمد حفیظ شامل ہیں۔
بی کیٹیگری میں اسد شفیق اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ گذشتہ سال سی کیٹگری میں شامل تین کرکٹرز بابر اعظم، عماد وسیم اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بہترین کھلاڑی حسن علی ترقی کے بعد اس کیٹیگری میں شامل کیے گئے ہیں۔
گیارہ کرکٹرز کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے اور ان میں بی کیٹیگری سے تنزلی پانے والے وہاب ریاض اور راحت علی کے علاوہ حارث سہیل، سمیع اسلم، شان مسعود، سہیل خان، فخر زمان، جنید خان، احمد شہزاد، محمد عباس اور شاداب خان شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
احمد شہزاد گذشتہ کنٹریکٹ میں ڈی کیٹیگری میں شامل تھے تاہم اس مرتبہ انھیں سی کیٹیگری دی گئی ہے جبکہ آئی سی سی چیمپینئز ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے والے فخر زمان پہلی مرتبہ براہِ راست سی کیٹیگری میں ہی شامل کیے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ 14 کھلاڑیوں کو ڈی کیٹیگری ملی ہے جن میں محمد نواز اور محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد سی سے ڈی میں آئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف ذاکر، عثمان صلاح الدین، عامر یامین، عثمان شنواری، فہیم اشرف، رومان رئیس، امام الحق، بلال آصف، میر حمزہ، عمر امین، محمد حسن اور محمد اصغر شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی مد میں ہر کرکٹر کودی جانے والی رقم میں دس فیصد اضافہ بھی کر دیا ہے۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق اس اضافے کے بعد اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ ساڑھے چھ لاکھ روپے، بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ساڑھے چار لاکھ، سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو دو لاکھ ساٹھ ہزار جبکہ ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ماہانہ ایک لاکھ 69 ہزار روپے بطور تنخواہ ادا کیے جائیں گے۔