ویسٹ انڈیز کے خلاف واحد ٹی 20 میں انڈیا کو نو وکٹوں سے شکست

ویسٹ انڈیز نے انڈیا کو سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایون لوئس کی شاندار سنچری کی بدولت نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اتوار کی شب جمیکا میں کھیلے جانے والے واحد میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا بڑا سکور بنایا اور جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا جسے ویسٹ انڈیز نے کرس گیل کی وکٹ کے نقصان پر نو گیند پہلے ہی حاصل کر لیا۔

ایون لوئس نے 62 گیندوں میں 125 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔ انھوں نے اپنی اننگز میں 12 چھکے اور چھ چوکے لگائے۔

دوسری جانب ان کے ساتھ میرلن سیموئلز تھے جنھوں نے 36 رنز بنائے اور ان دونوں کی شراکت میں 112 رنز بنے۔

انڈیا کے تمام بولرز ان کے سامنے بے بس نظر آئے۔ محمد شامی نے تین اوورز میں 46 رنز دیے جبکہ جڈیجہ نے 3۔3 اوورز میں 41 رنز اور ایشون نے چار اوورز میں 39 رنز دیے۔

انڈیا کی جانب سے وکٹ کیپر دنیش کارتک نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے جبکہ کپتان وراٹ کوہلی اور ریشب پنت نے بالترتیب 39 اور 38 رنز سکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیلر اور ولیمز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سیموئلز کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو ایک کے مقابلے تین میچوں سے شکست دی تھی جبکہ ایک میچ بارش کے سبب مکمل نہیں ہو سکا تھا۔

خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈیا ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہو گئی تھی۔