آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون کا انعقاد پاکستان میں کروانے کا منصوبہ زیرِ غور
عالمی سطح پر کرکٹ کا نگراں ادارہ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں مدد کے سلسلے میں ادارہ ورلڈ الیون ٹیم تیار کر رہا ہے جو اسی سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان بمقابلہ ورلڈ الیون کے مقابلے لاہور میں منعقد کروانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ ہوں گے اور انھیں انٹرنیشنل میچ کا درجہ حاصل ہوگا۔
یاد رہے کہ 2009 میں پاکستان میں سرکی لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اور پاکستان کو متحدہ عرب امارات می6ں اپنی ہوم سیریز کی میزبانی کرنی پڑی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے مقابلوں کے بارے میں مزید معلومات وقت کے ساتھ ساتھ جاری کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے کیے گئے اعلانات میں امریکہ میں کرکٹ کی نگران تنظیم یو ایس اے سی اے کی آئی سی سی سے رکنیت معطل کرنا بھی شامل تھا۔
یو ایس اے سی اے کئی سالوں سے انتظامی مشکلات کا شکار رہی ہے اور ماضی میں اسے دو مرتبہ معطل بھی کیا جا چکا تھا۔ تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یو ایس اے سی اے کی معطلی سے امریکہ میں موجود کرکٹ ٹیموں پر اثر نہیں پڑے گا اور انھیں عبوری منتظم کی نگرانی میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے دی جائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ حال ہی میں افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فل ممبرز کا درجہ دے دیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ دونوں ممالک بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکیں گے۔