آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میری کامیابی کی وجہ سخت محنت ہے: حسن علی
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی اپنی کامیابی کو سخت محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
حسن علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں صرف چوبیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ دو کیچز بھی لیے۔ ان کی یہ عمدہ کارکردگی انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار مین آف دی میچ بنائے جانے کا سبب بھی بنی۔
حسن علی بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ان کے لیے اچھا موقع تھا کہ وہ پرفارمنس دیں اور انہیں خوشی ہے کہ ان کی کارکردگی ٹیم کے کام آئی اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس کارکردگی کے بعد اور مین آف دی میچ بننے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ کارکردگی آنے والے میچوں میں کام آئے گی۔
حسن علی کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تھی اور ان کے آخری دو تین اوورز خراب رہے تھے جس کے بعد 'ٹیم میٹنگ میں کوچ نےجو پلان دیا اسی پر عمل کرنے کی کوشش کی اور فرق سب کے سامنے ہے۔'
حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ سخت محنت پر یقین رکھتے ہیں خود پر بہت زیادہ اعتماد ہے۔ 'میں اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے میدان میں اترتا ہوں۔'
انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بولنگ کوچ اظہرمحمود نے ان کی کارکرگی میں بہتری لانے کے لیے بہت محنت کی ہے جبکہ ٹیم کے تمام ہی سینئر کھلاڑیوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حسن علی کو سری لنکا کے خلاف ہونے والے میچ کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کوشش کریں گے کہ اپنی موجودہ عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اس میچ میں بھی اچھی بولنگ کریں۔