مصباح الحق اور یونس خان نے پاکستانی کرکٹ کو تنگ گلی سے نکالا: رمیز راجہ

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان دو ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان کی کرکٹ کو تنگ گلی سے نکال کر اکٹھا کیا اور اسے استحکام دیا۔

رمیز راجہ نے ڈومینیکا سے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مصباح الحق کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی کرکٹ کو سپاٹ فکسنگ کے بھنور سے نکالا۔

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے کھیلنے کے انداز سے یقیناً بہت سے لوگوں کو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کھیل سے ان کی غیرمعمولی وابستگی اور دیانت داری سے کوئی بھی اختلاف نہیں کرسکتا اور درحقیقت انہوں نے ایک ٹوٹی پھوٹی ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ یونس خان نے اپنے کیریئر میں متعدد یادگار اننگز کھیلی ہیں جس میں ان کی سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بھی شامل ہے لیکن ذاتی طور پر وہ یونس خان کی انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں ڈبل سنچری کو اس اعتبار سے غیرمعمولی اننگز سمجھتے ہیں کہ یہ اننگز انتہائی مشکل حالات میں انہوں نے کھیلی تھی جب ٹیم بھی سیریز میں دو ایک کے خسارے میں تھی اور خود یونس خان پر بھی بہت زیادہ دباؤ تھا۔

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کا خلا آسانی سے پر نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں آج ہم جو استحکام دیکھ رہے ہیں وہ ان دونوں کی وجہ سے ہے۔

ان کے مطابق دونوں نے اپنے وسیع تجربے کے مطابق مشکل صورتحال میں قابل ذکر اننگز کھیلیں اور اپنی پارٹنرشپ سے بھی ٹیم کو فائدہ پہنچایا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ دونوں کے جانے کے بعد اب بیٹنگ آرڈر کو ازسر نو ترتیب دینا ہوگا کیونکہ اس وقت پاکستان کے پاس بیٹنگ کے زیادہ آپشنز موجود نہیں ہیں اور ٹیلنٹ کم نظر آرہا ہے۔

رمیز راجہ نے یونس خان کی سلپ فیلڈنگ کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خلا پر کرنا بہت ہی مشکل ہو گا۔