304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ گر گئی

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

ڈومینیکا کے ونڈسر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر سات رنز بنا لیے۔

ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 297 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کیرون پاول چار رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر شان مسعود کے شاندار کیچ پر آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کیرن پاول اور کریگ بریتھویٹ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے 304 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے چوتھے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 174 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مصباح الحق اور یونس خان اپنے کریئر کی آخری اننگز میں بالترتیب دو اور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مصباح الحق اور یونس خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مصباح الحق اور یونس خان اپنے کریئر کی آخری اننگز میں بالترتیب دو اور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 129 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور شان مسعود نے دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن اسے ابتدا میں ہی دہرا نقصان اٹھانا پڑا۔

پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے اظہر علی صرف تین رنز بنا کر فاسٹ بولر گیبریئیل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے اور نوجوان بیٹسمین بابر اعظم بغیر کوئی سکور کیے چیز کو اپنی وکٹ تمھا گئے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبابر اعظم کھانے کے وقفے سے قبل صفر پر آؤٹ ہو گئے

آج دن کے آغاز میں شین ڈاؤرچ نے 20 رنز پر جب کہ کپتان جیسن ہولڈر نے 11 رنز پر اپنی بیٹنگ دوبارہ شروع کی لیکن دن کے پہلے ہی اوور میں محمد عامر نے شین ڈاؤرچ کو بولڈ کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کا سکور جب 239 پر پہنچا تو محمد عباس نے دو لگاتار گیندوں پر راسٹن چیز اور دیواندرا بشو کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو مشکل میں ڈال دیا۔

دو اوورز کے بعد انھوں نے الزاری جوزف کو بھی بولڈ کر کے ویسٹ انڈیز کی نویں وکٹ حاصل کر لی۔

میزبان ٹیم کی آخری وکٹ 247 رنز کے سکور پر گری جب محمد عباس نے شینن گیبرئیل کو صفر پر آؤٹ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ یہ ان کے کیریر کی بہترین بولنگ تھی۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد عباس نے کیریر کی بہترین بولنگ کی اور پانچ وکٹیں حاصل کیں

بدھ کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کے لیے یہ میچ نہ صرف اس لیے اہم ہے کہ اس میں فتح کی صورت میں وہ پہلی بار ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے میں کامیاب ہو گا۔

یہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور بیٹسمین یونس خان کے کریئر کا آخری میچ ہے۔