آئی پی ایل: غیر قانونی جوا کھیلنے پر تین افراد گرفتار

انڈیا کے شہر کانپور میں پولیس نے تین افراد کو انڈین پریمیئر لیگ میں غیر قانونی جوا کھیلنے کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔

جمعرات کے روز ان افراد کو اس ہوٹل سے گرفتار کیا گیا جہاں کرکٹ لیگ آئی پی ایل کی دو ٹیمیں ٹھہری ہوئی تھیں۔

پولیس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ان افراد کے گرین پارک سٹیڈیم میں کام کرنے والے بعض اہلکاروں کے ساتھ پچ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطے کیے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آئی پی ایل کی دو ٹیمیں اور تین کھلاڑی پر 2013 میں بدعنوانی کے جرم میں پابندی لگائی جا چکی ہے۔

پولیس ترجمان راہول شری واستو کا کہنا ہے کہ ان افراد نے جوا کھیلنے کے لیے واٹس ایپ کے ذریعے پچ کی معلومات حاصل کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم گرفتار کیے جانے والے افراد سے تفتیش کر رہے ہیں تاکہ جوے میں ملوث دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکے۔‘

انھوں نے بتایا کہ انھیں ان افراد کو بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے دی جانے والے اطلاع کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

آئی پی ایل دنیا بھر میں اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے حوالے سے سب سے بڑا ایونٹ خیال کیا جاتا ہے۔ اس لیگ میں انڈیا کے مایاناز کھلاڑیوں کے ہمراہ بین الاقوامی کرکٹرز بھی شرکت کرتے ہیں۔

تاہم اس ٹورنامنٹ کو کئی مرتبہ کرپشن، سپاٹ فکسنگ اور رشوت جیسے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا میں گھوڑوں کی دوڑ کے علاوہ باقی تمام کھیلوں پر ہر طرح کا جوا غیر قانونی ہے۔ تاہم اس کے باوجود ایسا دیکھا گیا ہے کہ انڈیا میں غیر قانونی جوا کھیلا جاتا رہا ہے۔