انڈیا نے آسٹریلیا سے ميچ اور سیریز دونوں جیت لیں

انڈیا کے شمالی شہر دھرمشالہ میں چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو ایک کے فرق سے ٹیسٹ سیریز جیت لی ہے۔

کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم کی دوسری اننگز میں صرف 137 رنز پر سمٹ گئی تھی اور انڈیا کو جیت کے لیے 106 رنز کا آسان ہدف ملا جسے انھوں نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں بھارت نے 332 رنز بنا کر 32 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

اس میچ میں کپتان وراٹ کوہلی کی جگہ اجنکیا رہانے کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ کوہلی چوٹ کے سبب میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

رویندر جڈیجہ کو اس میچ میں اچھی بیٹنگ اور بولنگ کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر عمدہ بولنگ کرنے پر وہ مین آف دا سیریز بھی قرار پائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سیریز میں کپتان سٹیون سمتھ نے عمدہ بیٹنگ کی اور تین سنچریاں سکور کیں۔

سنیچر کو شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں ہی میٹ رین شا ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد ٹیم کپتان سٹیون سمتھ کی سنچری اور ڈیوڈ وانر کی نصف سنچری کی بدولت 300 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

انڈیا کی جانب سے نئے کھلاڑی کلدیپ یادو نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔

انڈیا کی جانب سے لوکیش راہل، چیتیشور پجارا اور رویندر جڈیجہ کی نصف سنچریاں سکور کیں اور انڈیا کو 32 رنز کی اہم سبقت دلائی اور پھر امیش یادو، جڈیجہ اور ایشون کی عمدہ بولنگ کے سامنے آسٹریلیا بے بس نظر آئی۔