انڈیا: رانچی ٹیسٹ بغیر جیت ہار کے ختم

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تحت رانچي میں کھیلے جانے والا تیسرا میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگيا ہے۔

میچ کے پانچویں روز جب کھیل ختم ہوا تو آ‎‎سٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز سکور کیے تھے۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں پوری ٹیم 451 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی خاص بات کپتان سمتھ کے 176 اور گلین میکسویل کی پہلی سنچری تھی۔

اس کے جواب میں میزبان ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں چتیشور پجارا کی ڈبل سنچری اور وکٹ کیپر بیٹسمین وردھیمان ساہا کی سنچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 609 رنز بنائے تھے اور اننگز کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔

پجارا نے 202 رنز جبکہ ساہا نے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔

انڈیا کو اس میچ میں 153 رنز کی اہم سبقت حاصل ہوئی تھی۔ چونکہ چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 23 رنز پر دو وکٹیں گنوا دی تھیں اس لیے اسے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

لیکن آخری دن بلے باز شان مارش اور ہینڈزکومب محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 53 اور 72 رنز سکور کیے۔ ہینڈزکومب آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

انڈیا کے سپن گيند باز اجے جڈیجہ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔

پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ بنگلور ٹیسٹ میں انڈیا نے 75 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی تھی۔

چوتھا اور سیریز کا آخری میچ 25 سے 29 مارچ کے درمیان موہالی میں کھیلا جائےگا۔