کرپشن الزامات: خالد اور شرجیل کے خلاف تحقیقات کے لیے ٹریبیونل قائم

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک تین رکنی ٹریبیونل قائم کیا ہے جو مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف تحقیقات کرے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز پر بکیز سے روابط کے الزام میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر کے دوبئی سے وطن واپس بھیج دیا تھا۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ٹریبیونل کی تشکیل کا فیصلہ پیر کو ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ ’دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے اصغر حیدر، توقیر ضیا اور وسیم باری پر مشتمل تین رکنی ٹریبیونل تشکیل دیا ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گا۔‘
ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر ان کے رابطے کے بعد عمل میں آئی تھی جو پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
بعد ازاں پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے دوران مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث دونوں کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف پر فرد جرم عائد کردی تاہم انھیں جواب داخل کرنے کے لیے 14 دن کی مہلت دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابتدا میں دیگردو کھلاڑیوں شاہ زیب حسن اور ذوالفقار بابر کے خلاف بھی تحقیقات کی گئیں تاہم پھر انھیں ان الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔









