آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’آپ سب کو عیدِ پی ایس ایل فائنل مبارک'
پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے پہلے منعقد ہونے والی اختتامی تقریب کے شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا کے ٹرینڈز پر پی ایس ایل کے چرچے شروع ہو گئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دنیا بھر کے ٹرینڈ میں اولین نمبر پر ’پی ایس ایل فائنل لاہور‘ تھا اور ساتویں نمبر پر پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی ٹرینڈ کر رہے تھے جبکہ اگر صرف پاکستان کے ٹرینڈز پر نظر ڈالی جائے تو پہلے دس میں سے نو ٹرینڈ پی ایس ایل سے متعلق تھے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ ٹرینڈ ہونے والا ہیش ٹیگ ’کرکٹ کمز ہوم‘ یعنی ’کرکٹ کی گھر واپسی‘ تھا۔ اختتامی تقریب میں پرفارم کرنے والے علی عظمت دوسرے نمبر پر تھے جبکہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ساتویں نمبر پر ٹرینڈ کر رہے تھے۔
لندن شہر کے پاکستانی نژاد مئیر صادق خان نے بھی ٹویٹ کے ذریعہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں منعقد ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کے میچ میں کوئی شکست خوردہ نہیں ہوگا۔
امن کا نوبیل پرائز جیتنے والی پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو مں پی ایس ایل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور۔ پشاور زلمی کی حمایت کرنے والی ملالہ نے مزید اس امید کا اظہار کیا کہ اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں منعقد ہوں۔
ٹوئٹر پر دن بھر متعدد پاکستانی شائقین کرکٹ لاہور میں پی ایس فائنل میچ کے حوالے سے خوشی کا اظہار مختلف انداز میں کرتے رہے۔
ایک صارف سعد امجد نے ٹویٹ کی 'آپ سب کو اس پرمسرت موقع پر نیک تمنائیں۔ آپ کو اور آپ کے خاندان کو عیدِ پی ایس ایل فائنل مبارک۔'
متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کی کمنٹری کرنے والے ایلن ولکنس نے اردو میں ٹویٹ کی جس میں انھوں نے کہا: 'اختتامی تقریب بہت اچھی تھی۔ مزہ آیا'۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے علاوہ پی ایس ایل کے ایک اور کمینٹیٹر، ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر آئن بشپ نے ٹویٹ کی 'اپنے تمام ساتھیوں کی طرح میں دعا کرتا ہوں کہ فائنل میچ مزے کا ہو جو ٹورنامنٹ اور پاکستان کے لوگوں کے شایانِ شان ہو۔'
ایک اور صارف چاچی چیٹرز نے کہا کہ ’نواز شریف وزیر اعظم ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ۔ علی عظمت یارو یہی دوستی گاتے ہوئے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ میں 90 کی دہائی میں ہوں۔‘
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جیسن گلیسپی نے بھی پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا۔
آسٹریلیا ہی کے شائق اور کرکٹ پر لکھنے والے ڈینس فریڈمین نے میچ شروع ہونے سے پہلے کہا کہ وہ آسٹریلیا اور انڈیا کے مابین ہونے والی ٹیسٹ میچ کو دیکھ رہے ہیں لیکن ان کا دل پی ایس ایل فائنل کے ساتھ ہے۔
ٹوئٹر پر تقریباً 28000 فالورز رکھنے والے ہینڈل کالا کوا نے لاہور شہر کو داد دیتے ہوئے کہا کہ لاہوری اپنے شہر کو کھل کے اپناتے ہیں اور یہ شاید ہماری بہترین خوبیوں میں سے ایک ہے۔