’پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار‘

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنجو غیر ملکی کھلاڑی اس وقت پشاور زلمی کا حصہ ہیں ان میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی اور مارلن سیموئلز، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملان اور انگلینڈ کے سمت پٹیل اور کرس جارڈن شامل ہیں

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں نے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان آنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

اس بات کی تصدیق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کی۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے آل راؤنڈر روی بوپارا نے لاہور جانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پشاور زلمی کے سمیت پٹیل کو ان کی کاؤنٹی ناٹنگھم شائر نے این او سی دینے سے انکار کردیا ہے۔

خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گذشتہ روز جاوید آفریدی کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا تھا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ان کی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑی لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کے لیے تیار ہیں۔

ویڈیو پیغام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستانی ویزا بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔

تاہم اب یہ اسی صورت میں ہو سکے گا جب جمعے کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے پلے آف میچ کی فاتح ٹیم پشاور زلمی ہی ہو۔

جاوید آفریدی نے پاکستان آنے کے لیے تیار غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام نہیں بتائے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ جو غیر ملکی کھلاڑی اس وقت پشاور زلمی کا حصہ ہیں ان میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کپتان ڈیرن سیمی اور مارلن سیموئلز، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملان اور انگلینڈ کے سمت پٹیل اور کرس جارڈن شامل ہیں۔

جاوید آفریدی
،تصویر کا کیپشنجاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستانی ویزا بھی فراہم کر دیا گیا ہے

ان کے علاوہ انگلینڈ کے اوئن مورگن اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال اور شکیب الحسن بھی پشاور کی ٹیم کا حصہ تھے تاہم وہ پہلے ہی واپس جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے پانچ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ کر فائنل کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں جس کے بعد اسے نئے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔

معذرت کرنے والے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، جنوبی افریقہ کے رائلی روسواور نیوزی لینڈ کے نیتھن میککلم شامل ہیں۔

دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم کے اونر سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ وہ پشاور کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے کوئی اعلان کریں گے۔