بین سٹوکس آئی پی ایل کے سب سے مہنگے غیرملکی کھلاڑی

انڈین پریمیئر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے لیے ہونے والی نیلامی میں پونے واریئرز کی ٹیم نے انگلینڈ کے آل راؤنڈر بینجمن سٹوکس کی خدمات ساڑھے 14 کروڑ روپے کے عوض حاصل کر لی ہیں۔

آئی پی ایل کے منتظمین نے بین سٹوکس کی ابتدائی قیمت دو کروڑ روپے رکھی تھی تاہم ساڑھے 21 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم کی اس بولی کے نتیجے میں بین سٹوکس آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

آئی پی ایل کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے مہنگے کھلاڑی ہونے کا اعزاز انڈیا کے یوراج سنگھ کے پاس ہے جن کی خدمات گذشتہ برس 16 کروڑ روپے کے عوض حاصل کی گئی تھیں۔

جنوبی انڈیا کے شہر بنگلور میں ہونے والی نیلامی میں 351 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں سے 122 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ نیلامی میں ان میں سے صرف 76 کھلاڑیوں کا ہی انتخاب ہونا ہے۔

پیر کو جاری نیلامی میں بین سٹوکس کے علاوہ ایک اور انگلش کرکٹر ٹائمل ملز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے رائل چیلنجرز بنگلور نے بھی 12 کروڑ کی کامیاب بولی دی۔

دیگر غیرملکی کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ربادا کو بالترتیب کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی ڈیئرڈیولز نے پانچ، پانچ کروڑ میں خریدا ہے۔

دہلی ڈیئرڈیولز نے ہی ساڑھے چار کروڑ روپے کے عوض پیٹرک کمنز کی خدمات حاصل کی ہیں جبکہ کرس ووکس کے لیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے چار کروڑ 20 لاکھ روپے کی کامیاب بولی دی۔

افغانستان کے 18 سالہ لیگ سپنر راشد خان ارمان کے لیے سن رائزرز حیدرآباد نے کی بولی سب سے زیادہ رہی جس نے چار کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگائی جبکہ اسی ٹیم نے تجربہ کار افغان بولر محمد نبی کو 30 لاکھ روپے کے عوض خریدا۔

انگلینڈ کے اوئن مورگن کی خدمات کنگز الیون پنجاب نے دو کروڑ روپے کے عوض حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کے لیے اسی ٹیم کی کامیاب بولی 50 لاکھ رہی۔

سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو دو کروڑ روپے کے عوض دہلی ڈیئر ڈیولز نے خرید لیا جبکہ انڈیا کے آل راؤنڈر پون نیگی کو رائل چیلنجرز بنگلور نے خریدا تاہم انڈیا کے کھلاڑی عرفان پٹھان کو کوئی خریدار نہیں مل سکا۔

انگلینڈ کے جیسن روئے کو گجرات کی ٹیم نے ایک کروڑ جبکہ کرس جارڈن کو سن رائزرز نے 50 لاکھ میں خریدا۔

کوری اینڈرسن کی خدمات ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر میں دہلی کی ٹیم نے حاصل کی ہے جبکہ شان ایبٹ کو خریدار نہ مل سکا۔

رواں سال آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ دفاعی چیمپیئن سن را‏ئزرز حیدرآباد اور 2016 کی رنرز اپ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل سنیچر کو ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آئی پی ایل کے سب سے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی کو رائزنگ پونے سپرجائنٹس نے کپتانی سے ہٹا دیا۔

اب ان کی جگہ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ٹیم کے کپتان مقرر کیے گئے ہیں جب کہ دھونی ایک کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل رہیں گے۔