آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’سپر لیگ نوجوان کرکٹروں کے لیے فائدہ مند‘
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ نے نوجوان کرکٹروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے۔
مصباح الحق نے جو پاکستان سپر لیگ کھیلنے والی اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان ہیں، بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ایمرجنگ کیٹگری بڑی اہم ہے جس میں شامل ہر نوجوان کھلاڑی نے لازمی طور پر کھیلنا ہے۔
مصباح الحق نے حسن علی، محمد نواز اور محمد اصغر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک سپر لیگ کھیلنے کے بعد ان کرکٹروں کی کارکردگی میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے۔ یہ تینوں اسی ایونٹ سے سامنے آئے اور آج وہ اپنی اپنی ٹیموں کے اہم کھلاڑی بن چکے ہیں۔
حسن علی اور محمد نواز اس وقت پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں اور حسن علی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
مصباح الحق نے اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل شاداب خان اور عماد بٹ کے بارے میں کہا کہ یہ دونوں نہ صرف اچھے بولر ہیں بلکہ اچھے بیٹسمین اور مستعد فیلڈر بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹروں کو اگر سپر لیگ میں زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنے کو ملے تو وہ آگے چل پاکستانی ٹیم کے کام آ سکیں گے۔
مصباح الحق نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی معطلی کے بارے میں کہا کہ اس طرح کے واقعے سے ٹیم یقیناً متاثر ہوتی ہے لیکن وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اچھا سکواڈ ہی ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرتا ہے اور ان کی ٹیم نے اتنا کچھ ہونے کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے خلاف میچ جیتا۔
انھوں نے سیم بلنگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے زبردست اننگز کھیلی۔ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ انھوں نے میچ کو جیت پر ختم کیا، یہ ایک پختہ اننگز تھی جس نے میچ اسلام آباد یونائٹڈ کے حق میں کر دیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ سیم بلنگز نے آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے78 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
ان کی اس اننگز کی بدولت اسلام آباد نے پانچ گیندیں قبل ہی مطلوبہ سکور پورا کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔