اظہر اور یونس کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، فالوآن کا خطرہ بدستور موجود

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 126 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کو فالوآن سے بچنے کے لیے اب بھی 213 رنز درکار ہیں۔

اظہرعلی 58 اور یونس خان 64 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

پیٹر ہینڈس کومب نے بھی ڈیوڈ وارنر اور میٹ رینشا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سنچری اسکور کی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز 365 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور میٹ رینشا اور پیٹر ہینڈس کومب نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 142 رنز کا اضافہ کیا۔

20 سالہ میٹ رینشا بیس چوکوں کی مدد سے 184 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ہلٹن کارٹ رائٹ بھی37 رنز بناکر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پیٹر ہینڈس کومب نے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری 195 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ انھوں نے اس سے قبل برسبین ٹیسٹ میں بھی سنچری بنائی تھی۔

ہینڈس کومب 110 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوئے۔

پارٹ ٹائم بولر اظہرعلی، میتھیو ویڈ اور مچل سٹارک کی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کی بولنگ پر یونس خان نے سلپ میں کارٹ رائٹ کا کیچ بھی ڈراپ کیا۔

پاکستانی بولنگ ایک بار پھر بکھری بکھری دکھائی دی۔

وہاب ریاض تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے لیکن محمد عامر کو اس اننگز میں کوئی وکٹ نہ مل سکی۔

میلبرن ٹیسٹ میں بھی وہ کسی بیٹسمین کو آؤٹ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

یاسر شاہ اور عمران خان کی گیندوں پر رنز کی سنچریاں مکمل ہوئیں ۔

پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور چوتھے ہی اوور میں ہیزل ووڈ نے دو دھچکے پہنچائے۔ انھوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے شرجیل خان کو صرف چار رنز پر رینشا کے ہاتھوں کیچ کرایا اور چار گیندیں بعد بابراعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

اس سیریز میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اظہرعلی ایک بار پھر ثابت قدمی سے ڈٹے نظر آئے اور وہ یونس خان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 120 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔

اظہرعلی کو اس وقت ایک موقع ملا جب نیتھن لائن کی گیند پر لیگ سلپ میں ڈیوڈ وارنر 51 رنز پر ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔

یونس خان اس سیریز میں دوسری نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اظہرعلی آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ سیریزمیں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کے سب سے زیادہ 390 رنز کے محسن خان کا ریکارڈ توڑنے کے لیے اب صرف نو رنز دور ہیں۔