آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نئی رینکنگ: انڈین بولرز سرفہرست، یونس کی پوزیشن بہتر
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کے نتیجے میں انڈیا نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
بولنگ کے معاملے میں انڈیا کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے تو بیٹنگ کے شعبے میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن میں اضافہ ہوا ہے۔
انڈیا نے آسٹریلیا اور پاکستان سے پوائنٹس کے معاملے کافی زیادہ پوائنٹس کی سبقت حاصل کر لی ہے۔
بالروں کی رینکنگ میں یہ دوسرا موقع ہے جب انڈیا کے دو کھلاڑی سر فہرست ہیں اور دونوں انڈیا کے سپنر ہیں۔ اس سے پہلے سنہ 1974 میں بشن سنگھ بیدی اور بھاگوت چندرشیکھر پہلی اور دوسری پوزیشن پر تھے۔
پہلے نمبر پر 887 پوائنٹس کے ساتھ رام چندرن ایشون ہیں جبکہ 879 پوائنٹس کے ساتھ رویندر جڈیجہ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جڈیجہ نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ختم ہونے والے پانچویں ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سات وکٹیں لیں تھیں اور یہ ان کی زندگی کی سب سے اچھی رینکنگ ہے۔ مجموعی طور پر انھوں نے میچ میں دس وکٹیں لیں اور سیریز میں 26 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشون کو سیریز میں 28 وکٹیں ملیں۔
خیال رہے کہ ایشون اس سے قبل جاری کی جانے والی رینکنگ میں بھی سر فہرست تھے اور ان کے 904 پوائنٹس تھے جو ان کا کریئر بیسٹ تھا۔
پاکستان کے یاسر شاہ 754 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔ سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ تیسری جبکہ ڈیل سٹین چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
پاکستان کے خلاف عمدہ بولنگ کے نتیجے میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک اپنے کریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ہفتے جاری کی جانے والی رینکنگ کے مقابلے میں وہاب ریاض کی رینکنگ میں بھی دو پوزیشن کا اضافہ ہوا ہے اور اب وہ 24 ویں نمبر پر ہیں۔
بیٹسمین کی رینکنگ میں انڈیا کے لوکیش راہل اور کرون نائر نے بڑی چھلانگ لگائي ہے۔ راہل کو ان کی 199 رنز کی اننگز کے سبب 29 پوزیشن کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ اپنے کریئر بیسٹ 51 ویں نمبر پر ہیں۔ جبکہ کرون نائر کو ٹرپل سنچری کی بدولت 122 پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے اور وہ 55ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے معروف بیٹسمین یونس خان اب آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اظہر علی 16 ویں اور اسد شفیق 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ بھی اپنی بہتریں رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اب وہ 18 ویں پوزیشن پر ہیں۔
آسٹریلیا کے سٹوین سمتھ پہلے اور انڈیا کے وراٹ کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔