ٹیسٹ کرکٹ میں انڈیا کا سب سے بڑا سکور

انڈیا کے کرکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں انڈیا کی ٹیسٹ کرکٹ کا سب سے زیادہ سکور کیا ہے۔ انڈیا نے اپنی اننگز 759 سکور سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔

یہ انگلینڈ کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ سکور ہے۔

چنئی میں ہونے والے میچ کے چوتھے روز کی اس اننگز کی خاص بات کارون نائر کی ٹرپل سنچری تھی۔

نائر نے جو اپنا تیسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے 303 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ وہ انڈیا کے دوسرے بیٹسمین ہیں جنھوں نے ٹرپل سنچری بنائی۔ اب انگلینڈ کو میچ کے آخری دن شکست سے بچنے کے لیے پورا دن کھیلنا پڑے گا۔

انگلینڈ نے جو پہلے ہی ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے چوتھے دن کے اختتام پر بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 12 رنز بنائے تھے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کرن نائر 71 اور مرلی وجے 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انڈیا کو تین صفر کی برتری حاصل ہے۔

راجکوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا جب کہ موہالی، وشاکھاپٹنم اور ممبئی میں میں انڈیا نے فتح اپنے نام کی تھی۔