انڈیا جونئیر ہاکی ورلڈ کپ کا چیمپیئن

انڈیا نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں بیلجیئم کو 1-2 سے شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اتوار کو بھارتی ہاکی ٹیم نے لکھنؤ کے میجر دھیان چند سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے میں انڈیا نے یورپ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک بیلجیم کو شکست دی۔
فائنل میں انڈین کھلاڑی گجرنت سنگھ نے آٹھویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
اس سے قبل کہ بیلجیئم کی ٹیم مقابلہ برابر کرتی، میچ کے پہلے ہاف میں سمرن جیت سنگھ نے گول کر اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔
میچ کے لیے فیورٹ قرار دی گئی انڈیا کی ٹیم نے توقعات کے عین مطابق کارکردگی دکھائی اور بیلجیئم کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
اس دوران دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے مزید مواقع میسر آئے لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
میچ کے آخری منٹ بیلیجئم کی ٹیم نے وین بوک رجک کی کوشش کی بدولت گول کیا لیکن ان کی یہ کوشش بیلجیئم کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی اور یوں انڈیا نے 1-2 سے فتح حاصل کر کے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

واضح رہے کہ سنہ 2008 میں انڈین ہاکی ٹیم بیجنگ اولمپکس میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی جب کہ سنہ 2016 کے ریو اولمپکس کھیلوں میں بھی انڈیا کی ہاکی ٹیم کوارٹر فائنل میں بیلجیم سے 1-3 سے ہاری تھی۔
انڈیا کی جونیئر ٹیم نے اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں بیلجیم کو شکست دے کر انڈیا کو دوسری بار عالمی چیمپئن بنا دیا۔
انڈین ٹیم نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-4 سے جب کہ کوارٹر فائنل میں سپین کو بھی 1-2 سے شکست دی۔
اس سے پہلے لیگ میچوں میں انڈیا نے کینیڈا کو 0-4 ، انگلینڈ کو 3-5 اور جنوبی افریقہ کو 1-2 کے فرق سے ہرایا تھا۔
انڈین ٹیم کے کوچ ہریندر سنگھ کا بھی ٹیم کی تیاریوں میں بڑا تعاون رہا۔ انھوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر مکمل توجہ دی۔








