آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ہیملٹن ٹیسٹ: بابراعظم پہلی سنچری سے محروم، ساؤدی کی چھ وکٹیں
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
بابراعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بہت کم سکور پر آؤٹ ہونے سے بچا لیا، جو ہیملٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بابراعظم نے 90 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 55 رنز کی برتری حاصل کرسکی جس کے لیے وہ فاسٹ بولر ٹم ساؤدی کی شکر گزار تھی جنھوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے تیسرے دن بارش کی وجہ سے صرف 38.1 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔
پاکستانی ٹیم نے اپنے گذشتہ روز کے سکور میں 140 رنز کا اضافہ کیا۔
بابراعظم اور سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز بنائے۔ سرفرازاحمد جو بڑے اعتماد سے بیٹنگ کررہے تھے41 رنز بناکر سلپ میں راول کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ یہ ویگنر کی اننگز میں تیسری وکٹ تھی۔
سہیل خان نے ایک بار پھر اپنی بیٹنگ سے نیوزی لینڈ کے بولرز کی مایوسی میں اضافہ کردیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کرائسٹ چرچ میں جارحانہ 40 رنز کی اننگز کے بعد انھیں بیٹنگ میں آٹھویں نمبر پر بھیجا گیا اور انھوں نے ایک جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے37 رنز بنائے اور بابراعظم کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں67 رنز سکور کیے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان بولرز کو پاکستانی اننگز سمیٹنے میں مشکل نہیں ہوئی۔ آخری چار وکٹیں صرف 24 رنز کا اضافہ کر سکیں۔
عمران خان کی آٹھویں ٹیسٹ میں پہلی بار بیٹنگ آئی اور انھوں نے چھ رنز بنائے لیکن وہ بابراعظم کی سنچری مکمل نہ کراسکے۔
بابراعظم جو اپنا تیسرا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کرسکے اور دس چوکوں کی مدد سے 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹم ساؤدی نے اپنے کریئر کی تیسری بہترین بولنگ کرتے ہوئے 80 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ آٹھ سال پہلے اپنے اولین ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ساؤدی نے ہوم گراؤنڈ پر اب پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز صرف ایک گیند تک محدود رہی اور بارش کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل ختم کر دینا پڑا۔