بارش کے باعث ہوبارٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل نہ ہوسکا

ہوبارٹ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل نہ ہو سکا۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 171 رنز بنا ئے ہیں اور اسے 86 رنز کی مجموعی برتری بھی حاصل ہے۔

اس سے قبل سنیچر کو میچ کے پہلے دن آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ابر آلود موسم اور خراب وکٹ پر جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف 17 رنز پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے جنوبی افریقہ کو سٹرائک فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی خدمات تو حاصل نہیں تھیں لیکن دیگر بولرز نے کپتان فاف ڈوپلیسی کو سٹین کی کمی محسوس نہ ہونے دی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ورنن فیلینڈر نے 21 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کائل ایبٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز کپتان سٹیون سمتھ رہے جنھوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سٹیون سمتھ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا جس کے باعث آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ہی میدان پر سب سے کم سکور پر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اب تک سب سے کامیاب بلے باز ہاشم آملہ ہیں جو 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے مچل سٹارک نے تین کھللاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو ٹیمبا بووما 38 اور کوئنٹن ڈی کاک 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔

مہمان ٹیم کو مایاناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز اور ڈیل سٹین کی خدمات حاصل نہ ہوتے ہوئے بھی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری پہلے ہی حاصل ہے۔