آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
روسی ٹینس سٹار ماریا شیراپووا کی پابندی میں نو ماہ کی کمی
کھیلوں کی ثالثی عدالت نے روس سے تعلق رکھنے والی ٹینس کی کھلاڑی ماریا شیراپووا کی اپیل پر ان کے عائد کی گئی دو سالہ پابندی کی مدت کم کر کے 15 ماہ کر دی ہے۔
پانچ مرتبہ گرینڈ سلام مقابلے جیتنے والی 29 سالہ ماریا پر ایک ممنوعہ دوا کے استعمال کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی تھی۔
رواں برس جنوری میں ان کا آسٹریلین اوپن کے دوران میلڈونیم نامی دوا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ان پر دو سال کی پابندی لگا دی تھی۔
خیال رہے کہ مذکورہ دوا پر جنوری 2016 میں پابندی لگائی گئی تھی۔
ماریا شراپوا کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ دوا کھیل میں اپنی کارکردگی بڑھانے کے لیے استعمال نہیں کی۔
روس نے اپنی کھلاڑی پر پابندی کے خلاف اپیل کی تھی۔ روس کا مؤقف ہے کہ ماریا یہ دوا صحت کے مسائل کی وجہ سے سنہ 2006 سے استعمال کر رہی ہیں۔
پابندی کے خاتمے کے بعد ماریا 26 اپریل 2017 سے دوبارہ انٹرنیشنل ٹینس کھیل سکیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ثالثی عدالت کے فیصلے کے بعد انھوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹینس کورٹ میں واپسی کے لیے دن گن رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھ سے ایک ایسی چیز چھین لی گئی ہے جو مجھے بہت پیاری تھی اور اس کی واپسی ایک بہت اچھی بات ہو گی۔ ٹینس میری جان ہے اور میں اسے بہت یاد کرتی ہوں۔‘