ون ڈے سیریز: پاکستان کے لیے رینکنگ بہتر بنانے کا موقع

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنون ڈے کی عالمی رینکنگ میں اس وقت ویسٹ انڈیز آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر ہے۔
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز جمعے کو شروع ہورہی ہے اور پہلا ون ڈے انٹرنیشنل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ون ڈے بھی شارجہ میں دو اکتوبر کو ہوگا جبکہ تیسرا ون ڈے پانچ اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے تاہم ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں اور اس کوشش میں مصروف ہیں کہ اس صورتِ حال سے بچا جائے۔

عالمی رینکنگ کی پہلی آٹھ ٹیمیں ورلڈ کپ میں براہ راست حصہ لیں گی۔ بقیہ دو ٹیموں کے انتخاب کے لیے بنگلہ دیش میں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائے گا۔

ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں اس وقت ویسٹ انڈیز آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کو تینوں ون ڈے میں شکست دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر آجائے گی۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے اختتام پر مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد اظہرعلی کی قیادت میں اب تک 25 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہے لیکن اسے15 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ صرف 9 میچوں میں کامیابی حاصل کرپائی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں چار ایک کی شکست کے بعد اظہرعلی کو قیادت سے الگ کرنے کی باتیں ہورہیی تھیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں ایک اور موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شارجہ میں 19 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 10 اور ویسٹ انڈیز نے 9 جیتے ہیں

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2014 میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد سے کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں جیت پائی ہے اس دوران وہ بھارت جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف دو طرفہ سیریز ہارنے کے علاوہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف سہ فریقی سیریز میں بھی شکست سے دوچار ہوچکی ہے جبکہ 2015 کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کو کوارٹرفائنل میں نیوزی لینڈ نے شکست دی تھی۔

سب سے زیادہ 224 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کرنے والا شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پاکستانی ٹیم کے لیے خوش قسمتی کی علامت رہا ہے۔ اس میدان میں اس نے 120 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 79 جیتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز نے شارجہ میں 38 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 19 میں اسے کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اتنے ہی میچوں میں وہ شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شارجہ میں 19 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 10 اور ویسٹ انڈیز نے 9 جیتے ہیں۔