فائل شیرنگ جائز ہے: امریکی عدالت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انٹرنیٹ پر فائل شیرنگ متعارف کروانے والی کمپنی نیپسٹر کو تو موسیقی چوری کے الزام میں عدالتی حکم سے بند کروا دیا گیا تھا۔ لیکن اب تین سال بعد ایک امریکی اپیل عدالت نے فائل شیرنگ کو نہ صرف قانونی تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ فلم اور موسیقی کی صنعت کو ڈانٹ بھی پلائی ہے کہ وہ کاپی رائٹ کے قانون کو اپنے کاروباری فائدے کے لیے اس طرح نہ استعمال کرے کہ نئی ٹیکنالوجی مفلوج ہو کر رہ جائے۔ عدالت کا فیصلہ ریکارڈ کمپنیوں اور ہالی وڈ سٹوڈیوز کے لیے ایک دھچکہ تھا، جن کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر مفت میں گانے اور فلمیں ڈاؤن لوڈ ہونے سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔ لیکن اس فیصلے سے انٹرنیٹ کے استعمال سے متعلق نئی ٹیکنالوجی کے فروغ کی راہ کھل گئی ہے۔ فائل شیرنگ سافٹ ویئر کی بدولت انٹرنیٹ استعمال کرنے والے لوگ اپنی پسند کی موسیقی یا فلمیں تلاش کر سکتے ہیں، اور مفت میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس سہولت پر نظر رکھنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ہر سال اربوں کی تعداد میں گانے اور ویڈیو اس طریقے سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ اس نوعیت کے سافٹ ویئر کے لیے Morpheus, Grokster, StreamCast جیسی کمپنیاں زیادہ معروف ہیں۔ ججوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نیپسٹر کو اس لیے بند کیا گیا تھا کیونکہ اس کے اپنے مرکزی کمپیوٹر گانوں کی چوری میں ملوث تھے۔ لیکن آجکل فائل شیرنگ کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں صرف دو افراد کو آپس میں ملاتی ہیں جو ایک دوسرے سے گانے یا ویڈیو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ خود کمپنی اس کام میں حصہ دار نہیں ہوتی۔ ایک جج سڈنی ٹامس نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کو پرانی مصنوعات اور کاروباری طریق کار کے لیے ہمیشہ سے خطرہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ موسیقی اور فلم کی صنعت، فائل شیرنگ کی اسی طرح عادی ہو جائے گی جیسے بیٹامیکس کیس ہارنے کے بعد اس نے گھریلو ویڈیو سے صلح کر لی تھی۔ بیٹامیکس کیس میں فلمی صنعت نے ٹی وی نشریات کو گھروں میں ریکارڈ کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن عدالت نے اس کے خلاف فیصلہ دیا تھا، اور یہ فیصلہ وقت نے صحیح ثابت کیا کیونکہ آج فلمی صنعت کو ویڈیو ٹیپ کی فروخت اور کرائے سے جو آمدنی ہوتی ہے وہ سینما سے کمائی جانے والی رقم سے بہت زیادہ ہوتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ریکارڈنگ اور فلمی سٹوڈیو اب اس لڑائی کو کانگریس لے جانے کی کوشش کریں گے، تاکہ قانون سازی کے ذریعے فائل شیرنگ کرنے اور کروانے کو جرم قرار دیا جا سکے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||