’ریئل پلئیر10 فوجی چاقو جیسا‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ذراسا مبالغہ کیا جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ ریئل پلیئر 10 ڈیجیٹل میڈیا کے تمام مسائل حل کر دے گا۔ کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کے لئے یہ پہلا مفت دستیاب پلیئر ہے جس پر اے اے سی، ایم پی ای جی، اور ایم پی 3 سمیت آن لائن میڈیا کے تمام پروگرام چلائے جا سکتے ہیں۔ ’ ریئل نیٹ ورک‘ کا یہ پروگرام ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب مائیکرو سوفٹ اور ایپل کمپنیاں مارکیٹ میں بالا دستی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ اور زیادہ سے زیادہ جگہ لینے کے لئے سر گرداں ہیں۔ مائیکرو سافٹ میڈیا پلیئر نے مارکیٹ میں اپنا مقام بنا رکھا ہے جب کہ ایپل نے حال ہی میں ’آئی ٹیون سروس‘ کے ذریعے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ تاہم ریئل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو روب گلیزر کا کہنا ہےکہ انھیں مائیکرو سوفٹ اور ایپل کمپنیوں سے کوئی خطرہ نہیں کیونکہ انھیں پہلے ہی دنیا بھرمیں پینتیس کروڑ صارفین کا اعتماد حاصل ہے۔ روب گلیزر کو یقین ہے کہ ان کی کمپنی ریئل پلیئر10 کے ذریعے مارکیٹ میں سبقت حاصل کر لے گی۔ گزشتہ ماہ یورپین کمیشن کی طرف سے مائیکرو سوفٹ کو اکسٹھ کروڑ امریکی ڈالر کے جرمانہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب یورپ کے صارفین کے لئے انتخاب کرنے کےایک سے زیادہ مواقع ہیں اور وہ اب ریئل پلیئر 10 کا بھی لطف اٹھا سکتے ہیں۔ مائیکرو سوفٹ کو جرمانہ کی وجہ یہ تھی کہ کمپنی نے میڈیا پلیئر کو ونڈو آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کر دیا تھا۔ ایپل کے ’آئی ٹیون سروس‘ کی طرف سے کسی خطرے کے امکان کو رد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رئیل پلئیر تیرہ لاکھ صارفین کے ساتھ امریکہ میں پہلے نمبر پر ہے۔ ریئل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو روب گلیزر کے بقول رئیل پلئیر10 ’سوئس فوجی چاقو‘ جیسا ہے جو نہ صرف صارفین کو آڈیو ، وڈیو کو دوبارہ سننے کی سہولت مہیا کرتا بلکہ انھیں مو سیقی اور وڈیو کی ذاتی لائیبریری مرتب کرنے کی بھی سہولت دیتا ہے۔ رقم ادا کر کے مزید سہولیات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اسطرح یہ مفت سہولت ہونے کے ساتھ ساتھ کمپنی کا پیسے بنانے کا بھی ذریعہ ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||