دو سروں والی بچی انتقال کر گئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈومینیکن ریپبلک میں سات ہفتے کی بچی فالتو سر کے آپریشن کے چند گھنٹے بعد انتقال کر گئی۔ ڈومینیکن ریپبلک میں اٹھارہ ارکان پر مشتمل سرجنوں کی ایک جماعت نے سات ہفتے کی بچی ربیکا مارٹینیز کے فالتو سر کو کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کر دیا تھا۔ اس سے قبل طبی تاریخ میں اسے ایک سنگ میل آپریشن قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ خیال ہے کہ اپنی نوعیت کا یہ پہلا کامیاب آپریشن تھا۔ یہ آپریشن گیارہ گھنٹے تک جاری رہا۔ ربیکا کا یہ اضافی سر دراصل اس کے نامکمل جڑواں کا تھا جو اوپر کی جانب سے اس کے سر کے ساتھ جُڑ گیا تھا۔ آپریشن کرنے والی جماعت کے سربراہ ڈاکٹر سانٹیاگو ہازم کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد ربیکا کی حالت بالکل ٹھیک تھی۔ اس آپریشن کے دوران ربیکا کے سر کی اضافی بافتوں کو کاٹا گیا، وریدوں اور شریانوں کے سروں کو بند کیا گیا اور اس کی کھوپڑی میں اس کے جسم کے دوسرے حصے کی ہڈی کا پیوند لگایا گیا۔ بچی کے والد نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں توقع تھی کہ یہ آپریشن کامیاب ہوگا۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ اگر اس کا اضافی سر علیحدہ نہ کیا جاتا تو یہ اس کے دماغ کو متاثر کرتا کیونکہ یہ سر اس کے اصل سر کے مقابلے میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہا تھا۔ اس آپریشن کے اخراجات جو ایک لاکھ ڈالر ہیں ایک رفاہی ادارے ’کیور انٹرنیشنل‘ نے برداشت کیے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||