| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
صاف ستھری آب و ہوا والی کار
ہائیڈروجن اور شمسی توانائی سے چلنے والی جاپانی کار نے براعظم آسٹریلیا کا چار ہزار کلومیٹر طویل سفر مکمل کر لیا۔ اپنی نوعیت کی اس کار کا یہ پہلا سفر ہے۔ اس کار کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں سے دھویں کی جگہ خالص پانی خارج ہوتا ہے۔ جب یہ کار سڈنی پہچنی تو وہاں کے میئر نے اس پانی کا نمونہ بھی حاصل کیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی جگہ ایسی کاریں بنائی جا سکتی ہیں جو متبادل ایندھن پر چل سکتی ہیں۔ اور ماحول پر اس کے برے اثرات بھی نہیں پڑتے۔ اس کار کا نام، اپولونڈائن، سورج اور پانی کے یونانی دیوتاؤں کے ناموں کو ملا کر رکھا گیا ہے۔ چار ہزار کلومیٹر کا سفر نو دنوں میں طے ہوا۔ ایک منتظم ہینس تھولسٹرپ نے کہا: ’ہم یہ سفر چار دن میں مکمل کر سکتے تھے تاہم ہم کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے تھے۔ بس ہم یہ دکھانا چاہتے تھے کہ ایسا ممکن ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ تجارتی پیمانے پر اس کار کی تیاری میں کتنا وقت لگے گا فی الحال اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کار کا ڈیزائین کسی بڑی کار کمپنی کی بجائے یونیورسٹی کے چند ذہین طلباء نے بنایا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||