| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیٹ روم کیا ہے؟
’چیٹ روم‘ یعنی گفتگو یا گپ شپ کرنے کا کمرہ انرٹنیٹ کا ایک عجیب و غیب عنصر ہے۔ چیٹ روم سے مراد انٹرنیٹ کی وہ سائٹ جس میں داخل ہو کر آپ دیگر اجنبی افراد سے گفتگو کر سکتے ہیں۔ چیٹ روم کی گفتگو یوں ہوتی ہے کہ آپ جو لکھتے ہیں وہ فوراً چیٹ روم میں آتا ہے اور جوابات یا دیگر باتیں بھی فوراً ہوتی ہیں۔ انٹرنیٹ پر ہزاروں چیٹ روم کے اشتہارات موجود ہیں اور کوئی بھی کسی بھی چیٹ روم میں داخل ہو سکتا ہے۔ مختلف موضوعات اور دلچسپیوں کے لہاظ سے الگ الگ چیٹ روم ہیں لیکن ان میں اکثر ایسے ہیں جن میں لوگ آنلائن دوستی اور تفریحی پیار یعنی ’فلرٹنگ‘ کی تلاش میں جاتے ہیں۔ بیشتر چیٹ رومز میں داخل ہونے سے پہلے آپ کو اپنے بارے میں تھوڑی سی معلومات دینی پڑتی ہے اور یہ یوں خطرناک ہوتا ہے کہ آپ کا ای میل کا پتہ نا معلوم افراد کے پاس چلا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گفتگو کے دوران ان چیٹ روم میں مختلف عریاں اور دیگر قابل اعتراض ویب سائٹوں کے اشتہارات بھی آپ تک پہنچ سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے چیٹ رومز نوجوانوں میں بہت مقبول رہے ہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک جھوٹا نام دے کر جو مرضی باتیں کر سکتے ہیں۔ یوں یہ ایک تقریحی شغل بھی ہے اور وہ کسی دوسرے سے اپنی دل کی باتیں بھی کرلیتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ’چیٹ‘ کی عادت آسانی سے پڑ سکتی ہے اور چیٹ رومز میں ملنے والے افراد سے ایک قسم کا رشتہ بن جاتا ہے۔ بہت سے واقعات ایسے ہوئے ہیں جن میں ایک عرصے تک ’چیٹ‘ کرنے کے بعد کمپیوٹر کے ذریعے چیٹ کرنے والوں کو ایک دوسرے سے ملنے کی خواہش ہوئی ہے اور اس کے خطرناک نتائج نکلے ہیں۔ سب سے خطرناک وہ واقعات ہوئے ہیں جن میں کسی شخص نے انٹرنیٹ چیٹ کے ذریعے کسی بچے یا نو جوان سے جنسی تعلقات قائم کرنے کے غرض سے دوستی کی ہو۔ حال ہی میں برطانیہ اور امریکہ میں ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں اور اسی لئے بچوں کے لیے انٹرنیٹ چیٹ کے خطرات کے بارے میں اتنا کچھ سامنے آیا ہے۔ امریکی پولیس نے بھی اس سلسلے میں کئی ایسے آپریشن کئے ہیں جن میں انہوں نے چیٹ رومز میں داخل ہو کر اپنے آپ کو بچے یا نوجوان ظاہر کیا۔ ایسے آپریشن میں بچوں کو ڈورے ڈالنے والے کئی ’پیڈوفائل‘ افراد پکڑے گئے ہیں۔ چیٹ روم انٹرنیٹ پر وہ جگہ ہے جہاں کوئی بھی شخص کسی بھی وقت آکر کسی سے بھی بات کر سکتا ہے اور آن لائن دوستی کر سکتا ہے۔ یہ ای میل سے یوں مختلف ہے کہ ای میل میں آپ کسی مخصوص شخص سے خط و کتابت کرتے ہیں اور یہی عمل آپ مسنجر سے بھی کرتے ہیں۔ لیکن چیٹ رومز میں آپ کو وہاں موجود دوسرے لوگوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوتا۔ آنے والے دنوں میں ہو سکتا ہے کہ بڑی کمپنیاں صرف ان لوگوں کو چیٹ رومز کی سہولت فراہم کریں جو فیس دے کر اور اپنی شانخت کا انکشاف کر کے چیٹ رومز کو بات چیت کے لئے استعمال کرنا چاہیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |