| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیٹ رومز بند کرنے کا اعلان
مائیکروسافٹ کے اعلان کے مطابق یورپ، مشرقِ وسطی، لاطینی امریکہ اور ایشیا میں اکثر مقامات پر چیٹ رومز بند کر دیے جائیں گے۔ باقی خطوں میں ان چیٹ رومز کے استعمال کے طریقۂ کار کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ’ایک بڑی کمپنی ہونے کے ناطے ہم اس بات کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ مذکورہ تبدیلیاں لائیں کیونکہ آن لائن پر چیٹ سروس کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔‘ بچوں کے لئے مخصوص اداروں نے مائیکروسافٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اس فیصلے سے نوجوانوں اور بچوں کو جو انٹر نیٹ استعمال کرتے ہیں بہت فائدہ ہوگا۔ برطانیہ میں ایم ایس این کے میٹ وٹنگہم نے بی بی سی نیوز آئن لائن کو بتایا کہ یہ فیصلہ بغیر سوچے سمجھے نہیں بلکہ بہت غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’ہم کچھ عرصے سے چیٹ رومز کے بارے میں تشویش میں مبتلا تھے اور رفتہ رفتہ اس مرحلے پر پہنچ گئے تھے کہ نامناسب رابطوں کو برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا تھا۔‘ نئے فیصلے کے بعداب برطانیہ میں لوگوں کو ایم ایس این کے فوری پیغام کی سہولت یا انسٹینٹ میسجنگ دستیاب ہوگی کیونکہ اس پر بات چیت کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ آئندہ سے چیٹ رومز پر یا تو چوبیس گھنٹے نگاہ رکھی جائے گی تاکہ کوئی نامناسب بات چیت نہ ہونے پائے یا پھر یہ سہولت صرف کریڈٹ کارڈ کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |