لاعلاج ڈپریشن کے لیے جادوئی کھمبی ’امید کی کرن‘

مشروم یا کھمبی کا ایک کیمیائی جز ڈپریشن کے لیے علاج کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK

،تصویر کا کیپشنمشروم یا کھمبی کا ایک کیمیائی جز ڈپریشن کے لیے علاج کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے

ایک خاص قسم کی کھمبی یا مشروم میں پائے جانے والے ایک کیمیائی جز سے ڈپریشن یا دائمی افسردگی کا شکار اُن مریضوں کی امیدوں میں اضافہ ہوا ہے جن کے مرض لاعلاج ہیں۔

یہ خاص کیمیائی جز عام لوگوں میں فریبِ نظر اور واہمے (ہیلوسی نیشن) پیدا کرتا ہے۔

یہ تحقیق ’لانسِٹ سائکائٹری میگزین میں شائع ہوئی ہے۔

اس میں 12 مریضوں پر تجربہ کیا گیا جس میں سے آٹھ مریض اب ڈپریشن سے صحت یاب ہو چکے ہیں کیونکہ ان پر اس دوا نے ’پراسرار اور روحانی طور پر‘ کام کیا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق کو ’امید افزا‘ کہتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ابھی اس سے پوری طرح سے تیر بہدف نسخہ قرار نہیں دیا، اور اب اس دوا کے وسیع پیمانے پر تجربات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

تجربے کے آغاز پر نو افراد شدید ڈپریشن کا شکار تھے جبکہ تین کا مرض نسبتاً معتدل تھا۔

مشروم کے اثرات کو بعض مریضوں نے پراسرار اور روحانی بتایا

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCKS

،تصویر کا کیپشنمشروم کے اثرات کو بعض مریضوں نے پراسرار اور روحانی بتایا

ان میں سے ہر ایک نے بغیر کسی کامیابی کے کم از کم دو مختلف طریقہ علاج پر عمل کیا تھا، جبکہ ایک نے تو 11 مختلف علاج آزمائے تھے۔ ایک مریض 30 سال سے اس مرض کا شکار تھا۔

یہ تحقیق امپیریئل کالج لندن میں کی گئی اور ابتدا میں مریضوں کو جادوئی کھمبی کے ہیلوسی نوجینک کیمیائی جز سے تیار کردہ ’سائلوسائبن‘ نامی دوا کی ہلکی خوراک دی گئی۔ تحقیق کاروں نے بتایا کہ اس کے بعد انھیں زیادہ مقدار میں دوا دی گئی جو ’بہت سی کھمبیوں کے برابر تھی۔‘

ایک محقق ڈاکٹر روبن کارہارٹ ہیرس نے بتایا: ’سائلوسائبن کا تجربہ بہت اچھا رہا اور بعض اوقات لوگوں نے اسے پراسرار اور روحانی تجربے سے تعبیر کیا ہے۔‘