آفریدی کی کپتانی، فیصلہ بورڈ کرے گا

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے واضح کردیا ہے کہ شاہد آفریدی کی کپتانی کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔
شہریارخان کا یہ موقف شاہد آفریدی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ان پر ان کی فیملی اور دوستوں کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے سخت دباؤ ہے۔
شہریارخان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے کپتان بنائے جانے کے وقت ان سے یہی کہا تھا کہ اگر کرکٹ بورڈ انہیں کپتان بنانا چاہتا ہے تو وہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک قیادت کی ذمہ داری سونپ دے جس پر انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن اب اگر وہ اپنے کریئر سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا سوچ رہے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ اُن سے بات کریں میڈیا میں اُن کا بات کرنا مناسب نہیں ہے ۔

،تصویر کا ذریعہAFP
شہریارخان نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی بھی کرکٹر کو جو کپتان بھی ہو ریٹائرمنٹ پر مجبور کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ شاہد آفریدی کااپنا ہوگا لیکن یہ بات واضح ہے کہ جب وہ اپنے مستقبل کے فیصلے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیں گے تو پھر بورڈ یہ فیصلہ کرے گا کہ آیا وہ کپتان کی حیثیت سے ہی کھیلیں گے یا عام کھلاڑی کی حیثیت سے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ خود آفریدی کی اپنی کارکردگی میں بھی تسلسل کا فقدان رہا ہے۔



