یاہو کا 15 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

یاہو اپنے دبئی، میکسیکو سٹی، بیونس آئرس، میڈرڈ اور میلان کے دفاتر بند کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنیاہو اپنے دبئی، میکسیکو سٹی، بیونس آئرس، میڈرڈ اور میلان کے دفاتر بند کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے

انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے دوبارہ ایک منافع بخش کمپنی بننے کے لیے ملازمین کی تعداد میں 15 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حکمت عملی کے تحت 2016 کے آخر تک کمپنی کے ملازمین کی تعداد تقریباً 9000 رہ جائے گی۔

یاہو کی جانب سے چھانٹی کا یہ اعلان مالی سال میں تین ارب 40 کروڑ ڈالر کے نقصان کے بعد کیا گیا ہے۔

کمپنی کی چیف ایگزیکیٹو مریسا میئر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کمپنی کی مصنوعات اور وسائل کو منافع بخش بنانے کے لیے یہ ایک مضبوط حکمت عملی کا آغاز ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ اقدام ہمارے مستقبل کو روشن کرے گا، ہمیں مقابلے کی دوڑ میں آگے لے جائے گا اور کمپنی کو صارفین، اشتہاری کمپنیوں، اور شراکت داروں کے لیے پرکشش بنایا جا سکے گا۔‘

فیس بک اور گوگل جیسی بڑی کمپنیوں سے مقابلہ کرنے کے لیے مالی بحران کا شکار اس انٹرنیٹ کمپنی کی نئی حکمت عملی کا پہلا مرحلہ ملازمتوں میں کمی ہے۔

دسمبرمیں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے حصص چین کی ای کامرس ویب سائٹ علی بابا کو بیچنے کا فیصلہ واپس لے کر اپنے انٹرنیٹ کے کاروبار پر ہی توجہ دینا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ مریسا میئر نے یہ فیصلہ کمپنی کے اہم سرمایہ کاروں کے دباؤ کے باعث کیا۔

یاہو کی چیف ایگزیکیٹو مریسا میئر نے یہ فیصلہ کمپنی کے اہم سرمایہ کاروں کے دباؤ کے باعث کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیاہو کی چیف ایگزیکیٹو مریسا میئر نے یہ فیصلہ کمپنی کے اہم سرمایہ کاروں کے دباؤ کے باعث کیا

اخراجات میں کمی اور منافع میں اضافے پر توجہ مرکوز کرنے سے اس بات کا اشارہ ملتاہے کہ کمپنی اپنے کلیدی کاروبار انٹرنیٹ کو ہی وسعت دینے میں سنجیدہ ہے۔

لیکن کچھ تجزیہ کاروں کو اس بات پر تشویش ہے۔

روزن بلاٹ سیکیوریٹیز کے مینیجنگ ڈائریکٹر مارٹن پیکونین کہتے ہیں کہ ’ کمپنی اپنے اخراجات میں کمی کر کے منافعے کی شرح بہتر تو کر سکتی ہے لیکن اس شرح کو بڑھانے کے لیے ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہوگا جبکہ ان کی ترقی کا عمل رک سا گیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر ان کا انٹرنیٹ بزنس اتنا ہی منافع بخش ہوتا تو کوئی بھی کمپنی پہلے ہی اسے خریدنےمیں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہوتی۔‘

ملازمتوں میں کمی کے علاوہ یاہو اپنی کچھ اہم مصنوعات جن میں یاہو ٹی وی اور یاہوگیمز شامل ہیں کو بھی فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ وہ اپنے سرچ بزنس، ای میل اور ٹمبلر بلاگنگ ویب سائٹ پر توجہ دے سکے۔

کمپنی اپنے دبئی، میکسیکو سٹی، بیونس آئرس، میڈرڈ اور میلان کے دفاتر بند کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

یاہو نے اندازہ لگایا ہے کہ صرف اپنی مصنوعات میں کمی کرنے سے ہی اسے ایک بلین ڈالر کا فائدہ حاصل ہوگا۔