سرجری کے دوران موسیقی سے درد میں کمی

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو ان معلومات پر غور کرنا چاہیے
،تصویر کا کیپشنمحکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو ان معلومات پر غور کرنا چاہیے

ایک تحقیق کے مطابق آپریشن سے پہلے، اس کے دوران یا اس کے بعد موسیقی سننے سے درد میں کمی ہوتی ہے۔

لندن کی کوین میری یونیورسٹی کے محققوں کا کہنا ہے کہ جن مریضوں نے سرجری کے دوران موسیقی سنی تھی، سرجری کے بعد ان میں کم بے چینی پائی گئی اور انھیں درد دور کرنے کی کم ضرورت پڑی۔

برطانوی طبی جریدے لانسٹ میں لکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسیقی مریضوں کی بےہوشی کے دوران بھی موثر ثابت ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو ان معلومات پر غور کرنا چاہیے۔

تحقیق کاروں کے خیال میں ہسپتالوں کو نیشنل ہیلتھ سروسز کے معلوماتی اشتہاروں میں مریضوں کو ہسپتال میں موسیقی سننے کے آلات اور پلے لسٹ ساتھ لانے کی تجویز دینی چاہیے۔

محققوں کی ایک ٹیم نے سرجری کے دوران سات ہزار مریضوں پر مشتمل 70 تجربات کا جائزہ لیا جن میں مختلف موسیقی جس میں زیادہ تر ’سکون بخش‘ موسیقی شامل تھی، کا بیڈ ریسٹ، بنا موسیقی کے ہیڈ فونز، وائیٹ نوئس (مسلسل سکون بخش شور) اور معمول کی دیکھ بھال کے ساتھ موازنہ کیا گیا۔

تاہم اس سے بے چینی اور درد پر تو اثر پڑا لیکن موسیقی نے ان کے ہسپتال میں رہنے کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔

مرکزی مصنف ڈاکٹر کیتھرین میڈز کا کہنا ہے کہ اپریل میں کولھے کی سرجری کے تین گھنٹے بعد پنک فلوئیڈ کی البم ’ڈارک سائیڈ آف دی مون‘ نے ان کے درد میں کمی میں مدد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’موسیقی ایک آسان، سستا اور محفوظ طریقہ ہے اور سرجری کرانے والے یہ ہر شخص کو میسر ہونا چاہیے۔‘

ڈاکٹر کیتھرین نے بتایا کہ ’ابھی سرجری کے بعد مریضوں کی صحتیابی کے لیے موسیقی کا معمول کے مطابق استعمال نہیں کیا جا رہا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ بہت ہی حیران کن تھا کہ موسیقی مریضوں کو بےہوش کرنے کے دوران بھی کارآمد ثابت ہوئی۔‘

تقریباً 40 خواتین کے سیزیرین یا ہیسٹروسکوپی کے آپریشن کے دوران انھیں موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنی پسند کی موسیقی کو تکیے میں لگے ہوئے سپیکروں کے ذریعے سن سکیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت ہی دلچسپ تحقیق ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر اس تحقیق پر غور کریں گے۔ کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ مریض سرجری کے بعد جلد اور بہتر انداز میں صحتیاب ہو سکیں۔‘