فیس بک میسینجر استعمال کرنے والوں کی تعداد 50 کروڑ

فیس بک موبائل فون پر میسجنگ کی خدمات فراہم کرانے والی سرفہرست سروس بننے کی خواہاں ہے
،تصویر کا کیپشنفیس بک موبائل فون پر میسجنگ کی خدمات فراہم کرانے والی سرفہرست سروس بننے کی خواہاں ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کا کہنا ہے کہ ان کی نئی پیغام رسانی کی خدمات فراہم کرنے والی میسینجر سروس اب دنیا بھر میں 50 کروڑ صارفین تک پہنچ چکی ہے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ ان کے علیحدہ میسنجر کے صارفین اپریل میں 20 کروڑ سے ڈھائی گنا بڑھ کر 50 کروڑ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

فیس بک نے جب یہ کہا تھا کہ اس کے صارفین پر اس نئی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا جس کے ذریعے وہ اپنے دوستوں کو ذاتی قسم کے یا نجی پیغام بھیج سکتے ہیں تو اس کے خلاف آواز اٹھی تھی۔

یہ ایپ جولائی سنہ 2011 میں لانچ کی گئی تھی اور پھر اس کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر زور دیا گیا تھا۔

فیس بک کی مصنوعات کے ڈائرکٹر پیٹر مارٹینازی نے جمعرات کو ایک بلاگ میں کہا: ’لوگ ایک دوسرے سے کس طرح منسلک رہتے ہیں، اس مقصد کی خاطر میسیجنگ بہت اہم ہے۔ 2011 میں جب سے ہم نے میسینجر لانچ کیا ہے اس کے بعد ہم لوگوں کو آپس میں رابطہ رکھنے کا تیز تر اور بھرپور طریقہ فراہم کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘

فیس بک نے گذشتہ ماہ واٹس ایپ کو 22 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفیس بک نے گذشتہ ماہ واٹس ایپ کو 22 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا

اپریل میں فیس بک نے اپنے صارفین سے کہا تھا کہ ویڈیو بھیجنے، مفت فون کال کرنے اور چیٹ کرنے کے لیے انھیں ایک علیحدہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گی۔

صارفین نے فیس بک کے اس فیصلے پر تنقید کی تھی اور ایپ سٹور پر اس کو پسند کی جانے والی ریٹنگ ڈیڑھ سٹار تھی۔

مارٹینازی نے کہا کہ ’لوگوں کی تنقید کے باوجود ہم اپنے میسنجر کی صلاحیت اور رفتار میں بہتری کی کوشش کرتے رہے۔ اس میں بہتری کے لیے ہر دوسرے ہفتے اپ ڈیٹس کیے جاتے تھے۔‘

دریں اثنا موبائل پر سرِفہرست میسیجنگ سروس بننے کی کوشش میں فیس بک نے پیغام رسانی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی واٹس ایپ کو گذشتہ ماہ 22 ارب ڈالر میں خریدنے کے لیے معاملہ طے کر لیا ہے۔